سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے از خود نوٹس کو ختم کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حفاظ کرام کو میڈیکل داخلے میں 20 اضافی نمبر دینے کے فیصلے سے متعلق از خود نوٹس کو ختم کرتے ہوئے نمٹا دیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 6 رکنی بینچ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر علی نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس سید حسن اظہر رضوی بھی بینچ کا حصہ تھے۔ پی ایم ڈی سی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ جو ریگولیشن 2018 میں بنائے گئے تھے وہ 2021 میں ختم کر دیئے گئے تھے، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مطلب ہے اب یہ ایشو زندہ نہیں، ایک درخواست تھی جس کو از خود نوٹس میں تبدیل کیا گیا تھا، ہم اس از خود نوٹس کو ختم کرتے ہیں، جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ درخواست پہلے ہی نمٹائی جاچکی ہے، تفصیلی فیصلہ جاری کریں گے۔ واضح رہے کہ جسٹس فائز عیسیٰ نے حافظ قرآن کو اضافی نمبر دینے کے کیس میں بینچ بنانے پر اعتراض کیا تھا اور تمام ازخود نوٹسز پر کارروائی روکنےکا فیصلہ دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں