آرمی چیف کی کاوشیں رنگ لے آئیں،امسال حج کتنا سستا اور عازمین کو کیا سہولیات میسر ہوں گی؟طاہر اشرفی نے خوشخبری سنا تے ہوئے بڑا دعویٰ کر دیا

پشاور(بیورو رپورٹ)مذہبی ہم آہنگی اور مشرق وسطیٰ و اسلامی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لیے وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ حج اسلام کے پانچ اہم ترین ارکان میں سے ایک ہے، حکومت اگلے سال تمام پاکستانی عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے،سپہ سالار قوم جنرل حافظ سید عاصم منیر کی پالیسیوں اور رہنمائی سے روپے کے مقابلے میں ڈالر میں کمی ہوئی اور اس وجہ سے حج اس سال ایک لاکھ روپے سستا بھی ہو گا۔


”پاکستان ٹائم“کے مطابق پشاور میں تعظیم الحرمین الشریفین کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل حافظ سید عاصم منیر کی موثر معاشی اور مالیاتی پالیسیوں کی وجہ سے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمتوں میں کمی کے بعد رواں سال حج کے اخراجات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور اس وجہ سے حج اس سال ایک لاکھ روپے سستا بھی ہو گا، حجاج کرام پاکستان کے سفیروں کی طرح ہیں،وہ سعودی عرب کے قواعد و ضوابط اور قوانین کی سختی سے پابندی کریں،پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی آزمودہ اور سدا بہار دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،دونوں ممالک مذہب،تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں جبکہ خادم حرمین شریفین کا بے پناہ احترام کیا جاتا ہے۔انہوں نے حج کے مجموعی انتظامات کو سراہتے ہوئے حج آرگنائزیشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کو ہدایت کی کہ وہ عازمین حج کی تربیت پر توجہ دیں تاکہ وہ حج کے دوران مقدس سرزمین میں رہ کر زیادہ سے زیادہ سعادتیں حاصل کر سکیں،پاکستان ہمارا ملک ہے،اس کے مسائل محنت،عزم اور خود احتسابی کے ذریعے حل کیے جا سکتے ہیں۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی اور بقائے باہمی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کےلیے ضروری ہے،پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے،پاکستان کے پاس معاشی طاقت بننے کے تمام وسائل موجود ہیں،پاکستان مذہبی سیاحت کو فروغ دے کر کروڑوں ڈالر کی بھاری آمدنی کما سکتا ہے،شمالی گلگت بلتستان،خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کی قدرتی خوبصورتی کے علاوہ پاکستان صدیوں پرانی سندھ اور گندھارا تہذیبوں کا گھر ہے،اس کے علاوہ بہت سے دیگر مذہبی سیاحتی مقامات کو اگر ڈیجیٹل میڈیا پر مناسب طریقے سے دکھایا جائے تو ملک کے لیے معاشی تبدیلی آسکتی ہے۔طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار اور برادرانہ تعلقات چاہتا ہے،افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے،پاکستان اور افغانستان کے دشمن عناصر دونوں ممالک کے درمیان دراڑ پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے،غزہ پر مظالم فوری بند ہونے چاہئیں،فلسطینی عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو،مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔علامہ طاہر اشرفی نے ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ حج کے دوران عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں گے۔

قبل ازیں ایسوسی ایشن کے چیئرمین جمال خان ترکئی نے وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر محمود اشرفی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں آئندہ حج کےلیے ایسوسی ایشن کی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن کی تقریباً 904 کمپنیاں حج آپریشنز کےلیے وزارت مذہبی امور میں رجسٹرڈ ہیں اور ان کے لیے تقریباً 50 فیصد حج کوٹہ مختص ہے۔اس موقع پر انہوں نے مہمان خصوصی کو روایتی چوغا اور کلا (پگڑی) بھی پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں