عید کی خوشی مناتے ہوئے کن چیزوں سے پرہیز کرنا ہو گا؟ڈاکٹر مقصود اور ڈاکٹر لیلی شفیق کے شہریوں کو مفید مشورے

لاہور (ہیلتھ رپورٹر)لاہور جنرل ہسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر محمد مقصود اور گائنا کالوجسٹ ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے شہریوں کو “سادہ غذا صحت کیلئے بہتر ” کے موضوع پر احتیاطی تدابیر بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد عید الفطر کے موقع پر فوری طور پر سخت غذاؤں کا استعمال نہ کیا جائے کیونکہ ایک ماہ روزے رکھنے کے بعد انسانی معدہ نرم ہو جاتا ہے لہذا اچانک معدہ پر بوجھ نہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ مرغن غذاؤں، تیز مرچ اور مصالحہ دار کھانوں سے پرہیز کیا جائے۔ عید کی خوشی مناتے ہوئے ہمیں کھانے میں اعتدال سے کام لینا چاہئے، خصوصاً ذیابیطس، بلڈ پریشر، امراض قلب اور پیٹ کی متعدد بیماریاں پیدا ہوتی ہیں جو جسمانی نظام کو متاثر کر سکتی ہیں۔ ڈاکٹر ز نے کہا کہ چٹ پٹے کھانوں کی بچائے، پھلوں اور سبزیوں کا ذیادہ استعمال کریں۔ پھلوں اور سبزیوں میں موجود پانی اور فائبر پیاس بھجانے کے ساتھ پیٹ بھرنے کا احساس دلاتے ہیں، جبکہ پھلوں میں موجود مٹھاس انسانی جسم میں چینی کیلئے پائی جانے والی طلب کو بھی پورا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر پر کھانے کے ساتھ کولڈ ڈرنک کے استعمال میں احتیاط برتی جائے، ضرورت سے ذیادہ ٹھنڈے پانی اور برف کے استعمال سے بھی پرہیز کریں۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ ورزش کو معمول بنائیں تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔
٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں