امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے پی ٹی آئی قیادت کی ملاقات، قانون کی حکمرانی پر گفتگو

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی) پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم کی قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور مرکزی سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب خان سے ملاقات ہوئی جس میں آئین و قانونی کی حکمرانی اور ملکی معیشت کے معاملات پر بات کی گئی۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق ملاقات میں چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات رف حسن بھی موجود تھے۔دونوں جانب سے پاکستان میں جمہوریت کی حالت اور قانون کی حکمرانی کی صورت حال پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا۔ ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی کیفیت اور معیشت کی صورتحال پر بھی مفصل بات چیت ہوئی۔پی ٹی آئی کی جانب سے بانی چیئرمین عمران خان، ان کی اہلیہ، تحریک انصاف کے مرد و خواتین قائدین کارکنان سمیت سیکڑوں سیاسی قیدیوں کے خلاف ماورائے دستور و قانون سیاسی انتقام کے رواں سلسلے پر گفتگو ہوئی۔ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر امریکی محکم خارجہ کی حالیہ رپورٹ کے مندرجات پر بھی گفتگو ہوئی۔قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے کہا کہ پاکستان نہایت سنگین نوعیت کے سیاسی، آئینی اور معاشی بحرانوں کی زد میں ہے، آئین سے سنگین انحراف اور قانون کی حکمرانی کی بدترین صورتحال سب سے بڑھ کر معیشت کی تباہی کا پیش خیمہ بن رہی ہے، آئین کی جانب سے شہریوں کو فراہم کردہ بنیادی حقوق، سیاسی آزادیاں اور ووٹ کا حق ملک میں سیاسی استحکام کے ضامن ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، معاشی ترقی کا کوئی کلیہ قانون کی حکمرانی کے بغیر کارگر ثابت نہیں ہوسکتا، دوطرفہ منفعت کیلئے باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر امریکا کے ساتھ تعلقات کے تسلسل اور ان میں وسعت کے خواہاں ہیں۔عمر ایوب نے امریکی سفیر کی جانب سے پاکستان کی کثیرالجہتی ترقی میں بطور شراکت دار کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں