فیس بک کا سیلاب متاثرین کے لئے 125 ملین روپے امداد کا اعلان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) عالمی ٹیکنالوجی ادارے میٹا نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کےلیے ساڑھے 12 کروڑ روپے فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے عالمی ٹیکنالوجی ادارے میٹا نے فلاحی اداروں یونیسیف، ہینڈز اور ادارہ تعلیم و آگہی کو 125 ملین روپے کی امداد دینے کا اعلان کردیا۔ اس عطیہ کو سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بچوں کو اسکول واپس بھیجنے، ہنگامی امداد، خوراک، پانی اور نکاسی آب کیلئے استعمال کیا جائے گا۔اس عطیہ سے قبل فیس بک پر صارفین کے لئے سیلاب سے حفاظت کا سیفٹی چیک بھی فعال کیا گیا، جس میں لوگوں کو یہ موقع فراہم کیا گیا کہ وہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کو آگاہ کریں کہ وہ سیلاب سے محفوظ ہیں۔ اسی طرح ایک خصوصی کرائسس پیج قائم کیا گیا جہاں لوگ کمیونٹی ہیلپ کے فیچر کو استعمال کرسکیں گے۔ اس فیچر کی بدولت مختلف لوگوں سے امداد مانگی جاسکتی ہے جب کہ امداد کی پیش کش کرنے کی سہولت بھی میسر ہے۔میٹا کے ڈائریکٹر فار ایمرجنگ مارکیٹس، اے پی اے سی، جارڈی فورنیز کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اب تک کے انتہائی تباہ کن قدرتی آفت کا سامنا ہے۔ کروڑوں لوگ متاثر ہیں اور پوری قوم اس مشکل گھڑی میں متاثرین کو تعاون پیش کرنے کے لئے متحد ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری خدمات کی بدولت اس تباہی سے متاثرہ افراد اور خاندانوں کو مدد ملے گی اور ان کی بحالی میں ہم انکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں