"سعودی وزیر دفاع کا دورہ پاکستان اور سپہ سالار قوم کا دورہ سعودی عرب پاک سعودی تعلقات کے روشن مستقبل کی دلیل "

“سعودی وزیر دفاع کا دورہ پاکستان اور سپہ سالار قوم کا دورہ سعودی عرب پاک سعودی تعلقات کے روشن مستقبل کی دلیل “

تحریر:علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی (چیئرمین پاکستان علماء کونسل)
سعودی عرب کے وزیر دفاع امیر خالد بن سلمان کا یوم پاکستان کے موقع پر ہونے والی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شریک ہونا اور صدر پاکستان کی طرف سے ان کیلئے نشان پاکستان کا اعزاز اور اس سے ایک ہفتہ قبل سپہ سالار قوم جنرل حافظ سید عاصم منیر کا دورہ سعودی عرب اور سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان اور سعودی عرب کی اہم قیادت سے ان کی ملاقات اور سعودی عرب کے مختلف اداروں کا پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں بڑھتا ہوا تعاون پاکستان سعودی عرب تعلقات کی مزید مضبوطی اور استحکام کو نہ صرف واضح کر رہا ہے بلکہ دنیا کو یہ پیغام بھی دے رہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب تعلقات مستحکم او ر ایک مضبوط اقتصادی و معاشی سرمایہ کاری کے تعاون کی طرف بھی بڑھ رہے ہیں جو کہ نہ صرف پاکستان سعودی عرب بلکہ پوری امت کیلئے ایک مسرت اور خوشی کا پیغام ہے ۔ پاک سعودی عرب اور اسلامی عرب ممالک سے تعلقات میں حالیہ دنوں میں مزید مضبوطی اور استحکام کیلئے جس طرح پاکستان کے سپہ سالار جنرل حافظ سید عاصم منیر نے جدوجہد کی ہے وہ ناقابل فراموش ہے اور سپہ سالار قوم جنرل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں جس طرح پاکستان کی عسکری قیادت برادر اسلامی ممالک اور عالمی دنیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی بہتری کیلئے کوشاں ہے اس کے مثبت اثرات روز روشن کی طرح نظر آ رہے ہیں۔ سعودی عرب کے وزیر دفاع امیر خالد بن سلمان کا یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان آنا اور اس سے قبل پاکستان کے سپہ سالار جنرل حافظ سید عاصم منیر کا دورہ سعودی عرب نہ صرف عالم اسلام بلکہ عالمی دنیا میں بھی پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے کی جانے والی کوششوں کی کامیابی کی دلیل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بہت مستحکم اور مضبوط ہیں ، پاکستان کی قیادت نے ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ ہر معاملہ پر تعاون اور مشاورت کا تعلق بہت مضبوط رکھا ہے ۔ 7 اکتوبر کے بعد فلسطین کے مسئلہ پر پیدا ہونے والی صورتحال پر پاکستان کے سپہ سالار جنرل حافظ سید عاصم منیر نے نہ صرف ذاتی طور پر بلکہ ان کی ہدایات پر پاکستان کی آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل ندیم انجم نے اہم اسلامی ممالک اور عالمی دنیا سے رابطہ کیا اور سعودی عرب کا دورہ کیا اور سعودی عرب کے ساتھ ساتھ بعض اہم ترین امور پر مشاورت کی جس سے پاکستان سعودی عرب کے فلسطین کے معاملہ پر موقف کو مزید تقویت اور قربت ملی ہے ۔ پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے حوالہ سے طویل عرصہ سے جن اقدامات کا کہا جا رہا ہے وہ ہمیں ایس آئی ایف سی کی صورت میں نظر آ رہے ہیں اور اسی لیے سعودی عرب سمیت اسلامی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے آگے بڑھ رہے ہیں ۔ بہرحال سعودی عرب کے وزیر دفاع امیر خالد بن سلمان کا دورہ پاکستان نہ صرف پاکستان کی کامیابی ہے بلکہ پاکستان کی عسکری قیادت کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات کی مضبوطی اور تعاون اور پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی امور میں تعاون کی مزید مضبوطی کا واضح اظہار ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں