rizwana

عالمی یوم خواتین پر جنرل ہسپتال میں تقریب،گھریلوتشدد کا شکار رضوانہ مہمان خصوصی ،کیک بھی کاٹا

لاہور(ہیلتھ رپورٹر)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ دین اسلام نے خواتین کو خصوصی عزت و احترام اور حقوق سے نوازا ہے جن کی پاسداری ہم سب پر واجب ہے، دین اسلام وہ واحد مذہب ہے جس نے خواتین کو وراثت کا حق دے کر ان کی محرومیوں کا ہمیشہ کے لئے ازالہ کر دیا۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں گھریلو تشدد کا شکار رضوانہ جو ایل جی ایچ میں زیر علاج رہی کو بطور مہمان خصوصی شرکت کے لئے بلایا گیا ، سینئر خواتین ڈاکٹرزنے رضوانہ کے ساتھ مل کر کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر پرنسپل سمز پروفیسرزہرہ خانم، پروفیسر عائشہ شوکت،پروفیسر ندرت سہیل، پروفیسر شمسہ ہمایوں، پروفیسر طیبہ وسیم، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر مہوش الیاس اور ڈاکٹر نادیہ ارشد سمیت خواتین ڈاکٹرز و نرسز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے جدید دور میں خواتین اعلیٰ تعلیم، ٹیکنالوجی،میڈیکل سائنس، بزنس، ڈیفنس،عدلیہ سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں خدمات سر انجام دے کر اپنی صلاحیتوں کو منوا رہی ہیں اور یہ بات ثابت ہوگئی کہ خواتین مردوں سے کسی بھی طرح کم نہیں، اللہ تعالیٰ نے انہیں عقل و شعورسمیت ان تمام صلاحیتوں سے نواز ا ہے جو انہیں معاشرے میں ممتاز کرتی ہیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ کوئی بھی معاشرہ تب ہی ترقی کرے گا جب خواتین کو ا±ن کے جائز حقوق ملیں گے اورانہیں ملکی و قومی ترقی میں انہیں کردارادا کرنے کے قابل سمجھا جائے گا۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے اعلان کیا کہ لاہور جنرل ہسپتال، اے ایم سی اور پی جی ایم آئی میں ڈے کئیر سینٹر اور بریسٹ فیڈنگ کے کیلئے جگہ مختص کی جائے گی تاکہ خواتین ڈاکٹرز،نرسز دکھی انسانیت کی خدمت کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کی بہتر نگہداشت کر سکیں۔
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر و دیگر مقرر ین نے کہا کہ قبل از اسلام بیٹیوں کو پیدا ہوتے ہی زندہ دفن کر دیا جاتا تھا، اس انسانیت سوز اور قبیح رسم کو اللہ کے آخری نبی حضرت محمد نے آکر ختم کر دیا اور بیٹی کو اللہ تعالیٰ کی رحمت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی خواتین کو اللہ تعالیٰ کے آخری پیغمبر اور دین اسلام کا احسان مند ہونا چاہیے جنہوں نے انہیں قدیم غلامی سے نجات دلا کر معاشرے میں بلند مقا م دلوایا ِ ماں کے قدموں تلے جنت رکھ دی یعنی ماں کی خدمت سے انسان جنت کا حقدار ٹھہرتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر مہمان گرامی کو اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔ رضوانہ کے اہل خانہ نے ان کی بیٹی کو صحت یاب ہونے اور گھریلو شدد کا شکار ہونے کے بعد معمول کی زندگی میں واپس آنے پر شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ٹیلیفونک گفتگو میں مریم نواز کا نام سامنے آیا ،تحقیقاتی ادارے سے ریکارڈنگ شیئر کرینگے ،مروت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں