سیالکوٹ میں سٹیٹ آف دی آرٹ ای خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا گیا

سیالکوٹ(سٹاف رپورٹر) سیالکوٹ میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ(پی آئی ٹی بی)کے حکومت پنجاب کیلئے وضع کردہ جدید ای خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا گیا،ای خدمت مرکز سمیڈا کی عمارت میں قائم کیا گیا ہے جہاں شہریوں کو ایک ہی چھت تلے 18 مختلف صوبائی و وفاقی محکموں سے متعلق 100 سے زائد خدمات فراہم کی جائیں گی۔
افتتاحی تقریب میں مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف عثمان ڈار،چیئرمین پی آئی ٹی بی سید بلال حیدر،ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عبداللہ خرم نیازی،سابق صدر چیمبر آف کامرس ملک محمد اشرف،ڈی جی ای گورننس پی آئی ٹی بی ساجد لطیف،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد وسیم بھٹی و دیگر سینئر شخصیات شریک ہوئیں۔

اس موقع پر چیئرمین پی آئی ٹی بی سید بلال حیدر نے کہا کہ ای خدمت مرکز میں ون ونڈو آپریشن کے تحت ڈومیسائل، کریکٹر سرٹیفکیٹ،ای سٹیمپ پیپر کا اجراء،فرد کا اجراء، پوسٹ آفس،نادرا ای سہولت سمیت دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔سیالکوٹ سمیت پنجاب میں اب تک 13 ای خدمت مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور اس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔ای خدمت مراکز کے قیام سے ضلعی حکومت کے دفاتر پر بوجھ کم ہوگا اور شہریوں کو تیز ترین سرکاری خدمات ملنے سے شہریوں کے وقت کی بچت ہو گی اور انہیں مختلف سرکاری دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں