موٹر وے پولیس کے شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال اولین ترجیح ہے:شاہدہ اختر

لاہور(وقائع نگار خصوصی)یو م شہدائے پولیس کے موقع پر موٹر وے پولیس لائنز ہیڈ کواٹر میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت مواصلات شاہد ہ اختر تھیں۔تقریب میں آئی جی خالد محمود، سینئر افسران و ملازمان اور شہداءکے ورثاء، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب میں موٹروے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے شہداءکو خراج تحسین پیش کیا گیا۔تقریب سے قبل پارلیمانی سیکرٹری وزارت مواصلات شاہد ہ اختر اور آئی جی خالد محمود نے یاد گار شہداء پرپھول چڑھائے اور شہداءکی درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت مواصلات شاہد ہ اختر نے کہا کہ یو م شہدائے پولیس کے حوالے سے منعقد تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز کی بات ہے،ہم شہداءکو سلام اور خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں،موٹروے پولیس کے شہداءنے اپنی جانو ں کے نذرانے پیش کر کے ایثار، قربانی اور بہادری کا عملی نمونہ پیش کیا ہے،موٹر وے پولیس کے شہداءکے خاندانوں کی دیکھ بھال ہم سب کی اوّلین ترجیح ہے۔نا مسائد حالات کے باوجود موٹروے پولیس اپنے فرائض بہترین طریقے سے سر انجام دے رہی ہے، بالخصوص خواتین افسران کا کردار قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی خالد محمود نے #NoMore کے نام سے جو مہم شروع کی ہے وہ قابل تعریف ہے، افسران کی پرخلوص رویہ اور بہترین اخلاق کی وجہ سے موٹروے پولیس ایک مثالی ادارہ کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔وزارت مواصلات کی سرپرستی اور مد د ہمیشہ موٹروے پولیس کی بہتری اور افسران کی ویلفیئر کیلئے میسر رہے گی۔ شہداء پیکج اور تنخواہوں میں اضافے کے دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے کوشش کروں گی کہ جلد منظور ہو جائیں۔
شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل خالد محمو نے کہا کہ موٹر وے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کو سلام اور خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یہ تقریب منعقد کی گئی ہے۔موٹروے پولیس کے 45افسران نے جام شہادت نوش کیا ہے جن میں ایک خاتون پولیس آفیسر بھی شامل ہیں۔ شہداء کے خاندانوں کے لئے مراعات ان کی قربانیوں کا کسی صورت نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ وزارت مواصلات موٹروے پولیس شہداء پیکج اور افسران و ملازمان کی تنخواہوں میں اضافے کے لئے فعال کر دار ادا کر ے گی۔موٹروے پولیس نے کم وسائل کے باوجود عوام کی خدمت اور قانون کے بلاامیتاز نفاذ کو بہتر بنانے کیلئے نئے اقدامات کئے ہیں۔ اس موقع پر آئی جی خالد محمود نے وازرت مواصلات خصوصی طور پر وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود اور پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات شاہد ہ اختر کے تعاون کو سراہا۔ تقریب کے آخر میں پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت مواصلات شاہد ہ اختر نے شہداء کے اہلخانہ اور بہترین کار کر دگی کے حامل افسران میں اعزازی شیلڈ اور اسناد تقسیم کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں