معاشی تحفظ ملکی ترقی کی بنیاد،نوجوان آگے بڑھ کر کردار ادا کریں: سابق سفارتکار نذیر حسین

باغ ( وقائع نگار خصوصی ) سابق سفارتکار نذیر حسین نے کہا ہے کہ معاشی خوشحالی کیلئے نوجوان کو آگے آنا ہو گا، ملک کی ترقی کے لئے درست خطوط پر کام کی ضرورت ہے، ملک میں لیڈر شپ کی کمی کو بھی انہی نوجوانوں نے پورا کرنا ہے، اس لئے تعلیم اور روزگار کے نئے مواقعے تلاش کرنا ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایم ٹی بی سی کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے موٹیویشن سپیکر خرم شہزاد ،اسامہ بن منصور ،سیکرٹری جاوید ایوب اور ایم ٹی بی سی کے ڈائریکٹر پبلک ریلییشن آفیسر سردار زرطیف بادشاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔سابق سفارتکار نزیر حسین نے ملک میں لیڈر شپ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ معاشی تحفظ ملک کی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے ،چائنہ نے انہیں خطوط پر کام کیااور لوگوں کو معاشی تحفظ فراہم کرتے ہوئے رہائش، خوراک اور تعلیم کی سہولت مہیا کی ،جس کی وجہ سے آج وہ ترقی کی بلندیاں چھو رہا ہے،جب تک ملک میں معاشی تحفظ نہیں ملتا مسائل بڑھتے رہیں گے، اس کے حل کے لیئے نوجوانوں کو خاص طور پر آگے آنا ہو گا،سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلئے ایم ٹی بی سی کی طرز پر ادارے قائم کرنا ہوں گے جن میں نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں،اس کے لیے انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی بنیادوں پر کام کی ضرورت ہے۔
دیگرمقررین نے خٰطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں بنیادی کردار نوجوانوں کا ہوتا ہے، اس کے لیے پر امن ماحول انتہائی اہم ہے،پاکستانی قوم صدقہ خیرات کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے لیکن ہمیں دیکھنا ہو گا کہ صدقہ خیرات کی رقوم منفی ہاتھوں میں تو نہیں جا رہی ہے، اس سلسلہ میں حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر نے نیا قانون پاس کیا ہے کہ حق صرف حقدار تک پہنچایا جائے اور ایسی تنظیموں سے بچا جائے جو ملک میں دہشتگردی اور فرقہ واریت کو فروغ دے رہی ہیں۔
اس موقع پر مقررین نے سوشل میڈیا کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کیا جائے نہ کہ منفی سرگرمیوں اور پروپیگنڈا کے لئیے استعمال کیا جائے۔ سیمینار کے اختتام پر ایم ٹی بی سی کے سربراہ سردار محمودالحق ،سردار زرطیف بادشاہ نے مہمانوں میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔سیمینار میں ڈپٹی کمشنر باغ صابر مغل ایس پی باغ شوکت مرزا،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر شبیر شیخ ،صدر ڈسٹرکٹ بار باغ سردار فرخ احمد ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری راجہ پریس کلب خورشید کیانی ،نائب صدر شوکت تیمور،سیکرٹری اطلاعات سید اجمل گردیزی،جنرل سیکرٹری بار راجہ عتیق ،جنرل سیکرٹری انجمن تاجران افضل کشمیری سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔چیرمین ایم ٹی بی سی سردار محمود الحق نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور مہمانوں نے باغ جیسے علاقے میں انٹرنیشنل سٹنڈڈکی کمپنی قائم کرنے پر ان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اگر ہمارے ملک کے نوجوان سردار محمود الحق کی تقلید کریں تو ملک ترقی کی منازل بہت مختصر وقت میں طے کر لے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں