بھارتی فائیو سٹار ہوٹل کو 24 لاکھ کا چونا لگانے والا دبئی کا جعلی”شریف“پکڑا گیا

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی دارالحکومت دہلی کی پولیس نے خود کو ابوظہبی کے شاہی خاندان کا ملازم بتا کر ہندوستان کے معروف فائیو سٹار ہوٹل”لیلا پیلس“کو 24 لاکھ روپے کا’چونا ‘لگانے والے’نوسر باز‘کو گرفتار کر لیا ہے ۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کی پولیس نے معروف فائیو سٹار ہوٹل کو چونا لگانے والے نوسرباز کو گرفتار کر لیا ہے،گرفتار شخص خود کو ابوظہبی کے شاہی خاندان کا ملازم بتا کرلگژری ہوٹل میں چارماہ تک قیام کرنے کے بعد 24 لاکھ روپے کا بل ادا کیے بغیر فرار ہوا گیا۔گرفتار شخص کی شناخت41 سالہ محمد شریف کے نام سے ہوئی ہے جس پر دھوکہ دہی اور چوری کرنے کا الزام ہے،وہ لیلا پیلس نامی ہوٹل میں 4 ماہ تک ٹھہرا تھا۔اس نے ہوٹل کے کمرے سے چاندی کے برتن اور موتیوں کی ایک ٹرے بھی چرائی تھی۔ملزم محمد شریف نے ہوٹل کے عملے کو بتایا تھا کہ وہ متحدہ عرب امارات میں مقیم اور کسی سرکاری کام سے ہندوستان میں ہے،ملزم کو 19 جنوری کو بھارتی ریاست کرناٹک سے گرفتارکیا گیا تھا۔ہوٹل انتظامیہ نے شکایت درج کرواتے وقت بتایا تھا کہ گرفتار ملزم جو ہوٹل کے کمرہ نمبر427 میں رہائش پذیر تھا،اس نے بتایا تھا کہ اس نے ذاتی طور پر ابوظہبی کے شاہی خاندان کے رکن شیخ فلاح بن زید النہیان کے دفتر میں کام کیا ہے۔ملزم گزشتہ برس یکم اگست سے 20 نومبر تک ہوٹل میں تھا اور 23 لاکھ روپے سے زائد کا بل ادا کیے بغیر فرار ہوگیا،اس دوران اس کا کل 35 لاکھ روپے کا بل بنا تھا جس میں سے اس نے 11.5 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔ ملزم نے جعلی بزنس کارڈ،متحدہ عرب امارات کے رہائشی کارڈ اور دیگر سرکاری دستاویزات کا استعمال کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں