فیڈرل ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے معیار اور اسکے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

فیڈرل ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے معیار اور اسکے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)فیڈرل ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے معیار اور اسکے فروغ کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق ہو گیا ہے۔ایگزیکٹو سیکرٹری ایچ ای سی ڈاکٹر ضیاالقیوم اورچیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈاکٹر شاہد منیر نے اس عزم کا مشترکہ اظہار پنجاب ایچ ای سی کے زیراہتمام کوالٹی ایشورنس کےعنوان پر وائس چانسلرز کا نفرنس میں کیا جس میں پنجاب کی 75سرکاری و غیر سرکاری جامعات کے وائس چانسلر ز نے شر کت کی ۔کانفرنس میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ سیکرٹری ایچ ای ڈی ڈاکٹر فرخ نوید بھی تقریب میں شریک تھے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ پنجاب کی جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرریاں میرٹ پر ہوں گی،ہمارا تعلیمی ویژن کلئیر اور ارادے مضبوط ہیں،ہم شارٹ اور لانگ ٹرم ایجوکیشن ریفارمز لا رہے ہیں،برطانیہ کے تعاون سے ٹیچر ٹریننگ،سکولوں کی اپ گریڈیشن اور دیگر چیلنجز سے نبٹیں گے جبکہ طلبہ کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن اور جدید آئی ٹی و ٹیکنالوجی کورسز بھی شروع کئے جائیں گے۔ڈاکٹر ضیاالقیوم نے کہا کہ بین الاقوامی مطابقت اور مسابقت کی بہتر سطحوں کو حاصل کرنے کے لیے یونیورسٹیز کے معیار کو بڑھانے کے جدید طریقے اختیار کیے جائیں گے،صوبوں کے ساتھ مل کرجامعات میں اصلاحات لائیں گے،اعلیٰ تعلیمی نظام میں کوالٹی ایشورنس کے انضمام کے لیے پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیوں میں کوالٹی این ہانسمنٹ سیلز کے قیام کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں ۔چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر کا کہنا تھا کہ ہم فیڈرل ایچ ای سی کے ساتھ ملکر اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات کریں گے،حکومت اعلی تعلیمی بجٹ میں اضافہ کرے تاکہ اپنی یونیورسٹیز کو عالمی معیار کے مطابق لایا جاسکے،اگر ہمیں عہد جدید میں وقار سے زندہ رہنا ہے تو تعلیم کو مرکزی حیثیت دینا ہو گی،جنوبی ایشیا کے ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلیمی بجٹ کا مقابلہ کیا جائے تو یہ انتہائی کم ہے۔ہمیں امید ہے کہ آنے والے بجٹ میں حکومت اعلی تعلیم کے بجٹ میں  اضافہ  کرے  گی۔سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے کہا کہ یونیورسٹیز کو حکومتوں کے بجٹ پر انحصار کرنے کی بجائے متبادل ذرائع آمدن بڑھانے کی طرف بھی توجہ دینا ہو گی ۔ اپنے وسائل کے مطابق پروگرام چلانے چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی جامعات میں نئے وائس چانسلرز کی تقرری کے پراسس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے اس مقصد کے لیے جلد سرچ کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں اور وائس چانسلرز کی پرفارمنس کو مانیٹر کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں