جنرل ہسپتال،عید الفطر کی تعطیلات میں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتوں کیلئے انتظامات مکمل،عملے کو ہدایات جاری

لاہور(ہیلتھ رپورٹر)صوبائی وزیر صحت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کے احکامات کی روشنی میں لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے عید الفطر کی سرکاری تعطیلات کے دوران مریضوں کو علاج معالجے کی بر وقت سہولیات کی فراہمی کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل نے بتایا کہ انتظامی ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جودیے گئے شیڈول کے مطابق تین شفٹوں میں فرائض سر انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت ایمرجنسی میں مریضوں کو بغیر پرچی فیس ادویات،تشخیصی ٹیسٹ و دیگر سہولیات مفت دستیاب ہوں گی۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ندرت سہیل نے تمام شعبوں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ عید کے ایام میں اپنے موبائل فون آن رکھیں۔انہوں نے شعبہ ورکس کے ملازمین کو ہدایت کی کہ تمام جنریٹر اپ ڈیٹ رکھیں اور ان ایام میں الیکٹریشن و دیگر سٹاف کی ڈیوٹی پر حاضری یقینی بنائی جائے۔پروفیسر ندرت سہیل نے سینٹری انسپیکٹرز کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ہسپتال آنے والے افراد کو خوشگوار ماحول ملے اور وہ مثبت تاثرات لے کر جائیں۔ایم ایس نے سکیورٹی گارڈز کو بھی اپنی ڈیوٹی کے دوران چاق و چوبند رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ مریضوں ولواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا کریں، شکائیت کی صورت میں قواعد و ضوابط کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایم ایس پروفیسر ندرت سہیل نے اے ایم ایس ایڈمن اور نرسنگ انتظامیہ کو بھی واضح کہا کہ اپنے اپنے ماتحت سٹاف سے ڈیوٹی اوقات کی سختی سے پابندی کروائی جائے، غیر حاضر رہنے یا تاخیر آنے والے ملازمین کے خلاف بلا تاخیر محکمانہ کاروائی عمل میں لائیں۔ایم ایس نے اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس صاحبان سے بھی کہا کہ وہ دوسری شفٹ کو چارج دیے بغیر نہیں جا سکیں گے اگر کسی شعبے میں بد انتظامی پائی گئی اور متعلقہ ڈی ایم ایس جوابدہ ہونا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں