سینیٹ انتخابات میں کون کون کامیاب ہوا؟الیکشن کمیشن نے مکمل تفصیلات جاری کر دیں

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سینیٹ کے تمام کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے،سندھ اور پنجاب سے سینیٹ کے 12، 12،بلوچستان سے 11 اور اسلام آباد سے 2 امیدوار کامیاب ہوئے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق سندھ سے پیپلز پارٹی کے 10،ایم کیو ایم کا ایک اور ایک آزاد سینیٹر منتخب ہوا جبکہ ایم کیو ایم کے امیر علی الدین اور آزاد سینیٹر فیصل واوڈا کی کامیانی کا نوٹیفکیشن جاری ہوا۔پیپلزپارٹی کے مسرور احسن،دوست علی جیسر،اشرف جتوئی،کاظم علی سید اور ندیم احمد بھٹو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا جبکہ ٹیکنوکریٹ کی سیٹس پر پیپلز پارٹی کے سرمد علی اور ضمیر گھمرو کا نوٹفکیشن بھی جاری کیا گیا۔خواتین کی نشستوں پر قرت العین مری اور روبینہ قائم خانی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جبکہ سندھ سے اقلیت نشست پر پیپلزپارٹی کے پونجو کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔پنجاب سے 12 منتخب سینیٹر کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا،جس کے مطابق ن لیگ کے9،سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کا ایک ایک جبکہ ایک آزاد امیدوار محسن نقوی کامیاب ہوئے۔بلوچستان سے 11 سینیٹرز کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے 3،3 ،جے یو آئی کے 2،این این پی اور این پی کا ایک ایک جبکہ ایک آزاد امیدوار انوار الحق کاکڑ کامیاب ہوئے۔اسلام آباد کی 2 نشستوں پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب ہوئے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب سے سینیٹ کی 12 نشستوں پر کامیاب ا میدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہےجس کے مطابق پنجاب سے مسلم لیگ ن کے 9،مجلس وحدت المسلمین اور سنی اتحاد کونسل کا ایک ایک سینیٹر کامیاب ہوا جبکہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی آزاد حیثیت میں سینیٹر منتخب ہوئے۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق محسن نقوی کی کامیابی کا سہرا”طاقتور خفیہ ہاتھوں“ کے سر جاتا ہے جنہوں نے نجی ٹی وی چینل کے مالک کو پہلے ملک کے سب سے بڑے صوبے کا نگران وزیر اعلیٰ اور بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ بنوایا اور اب انہیں سینیٹر منتخب کرایا گیا ہے۔یاد رہے کہ محسن نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے چیئرمین کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق جنرل نشستوں پر احد چیمہ،پرویز رشید،علامہ ناصر عباس،حامد خان،طلال چوہدری اور ناصر محمود،ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر محمد اور نگزیب،مصدق ملک کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔اس کے علاوہ خواتین کی نشستوں پر انوشہ رحمان اور بشریٰ انجم بٹ جبکہ غیر مسلموں کی ایک نشست پر خلیل طاہر سندھو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔اسلام آباد سے جنرل نشست پر رانا محمود الحسن،ٹینکوکریٹ کی نشست پر اسحاق ڈار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں