عمران خان کے لئے دعا مانگنا بھی جرم بن گیا،علیمہ خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج

راولپنڈی(بیورو رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے حق میں”دعا مانگنا “بھی جرم بن گیا،راولپنڈی پولیس نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان سمیت تحریک انصاف کے درجنوں کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق عمران خان کے حق میں دعائیہ تقریب منعقد کرنا تحریک انصاف کو مہنگا پڑ گیا،مقدمہ عمران خان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے دعائیہ تقریب منعقد کرنے سے متعلق لاوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی،شاہراہ عام بند کرنے اور سرکاری اہلکاروں سے مزاحمت سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔پی ٹی آئی رہنماوں و کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر تھانہ سٹی کے ایس ایچ او سب انسپکٹر سجاد احمد کی مدعیت میں درج کی گئی۔ایف آئی آر میں عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان،سینیٹر سیمی زیدی،برگیڈیئر(ر)مشتاق احمد،عاصمہ قدیر،میجر(ر)اقبال خٹک،راجہ عثمان ٹائیگر،زیاد خلیق کیانی،چوہدری میر افضل،شوکت بسرا،کرنل(ر)اجمل صابر،طارق عزیز بھٹی،نیاز اللہ نیازی،شہریار ریاض،تنویر اسلم،سیمابیہ طاہر اور دیگر کو ملزم نامزد کیا ہے۔مقدمے کے مطابق ملزمان نے لیاقت باغ پولیس ریسکیو ون فائیو کے سامنے سڑک پر رک کر نعرے بازی کی جس پر انہیں متعدد بار سڑک کھولنے اور ٹریفک بحال کرنے کا کہا گیا تاہم وہ مشتعل ہوگئے اور پریس کلب کے سامنے جا کر ہلڑ بازی کی۔ملزمان نے سرکاری افسران سے مزاحمت کی،لاوڈ سپیکر کے ذریعے نعرے بازی اور ٹریفک میں رکاوٹ ڈالی جس پر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔پولیس کا کہنا تھا کہ تاحال کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا،مقدمہ درج کرنے کے بعد قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں