رمضان کے اخری عشرے میں بھی مہنگائی کا جن بے قابو،وہ 16اشیائے ضروریہ جو مزید مہنگی ہو گئیں

لاہور(کامرس رپورٹر)رمضان المبارک کے آخری عشرے میں بھی حکومت مہنگائی کے جن پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہو گئی،عید الفطر سے قبل ملک میں مہنگائی کا پارہ ایک بار پھر چڑھ گیا،ایک ہفتے میں 16 اشیاء ضروریہ کی قیمتیں پھربڑھ گئیں۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح صفر اعشاریہ 96 فیصد اضافے کے ساتھ ایک مرتبہ پھر سے 29 اعشاریہ 45 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔رمضان کے آخری عشرہ میں مہنگائی کی شدید لہر آئی ہے۔جس میں مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 96 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق 16 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔رواں ہفتے ٹماٹرکی فی کلو قیمت میں11 روپے اور زندہ مرغی فی کلو 13 روپے سے زائد اضافہ ہوا۔پیاز 3 روپے،لہسن 4 روپے،بیف اور مٹن 7 روپے فی کلو تک مہنگے ہوئے۔چاول،برانڈڈ گھی،پٹرول،کپڑے اورجوتے بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔رواں ہفتے آٹے کا 20 کلو تھیلا 70 روپے تک سستا ہوا جبکہ انڈوں کی فی درجن 6 روپے تک کمی ہوئی۔دال مسور،دال مونگ،چینی،آلو،کیلے سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں، 22 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ عام مارکیٹوں میں مہنگائی کا جن بے قابو ہی دکھائی دے رہا ہے اور ریڑھی بانوں اور پھل فروشوں نے لوٹ مار مچائی ہوئی ہے اور من پسند قیمتوں پر فروٹ فروخت کئے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں