الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کا شراکت دار بن گیا ،فیصلہ چیلنج کریں گے:اسد عمر

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیراسد عمر نے کہا کہ عمران خان عوم کے بل بوتے پر سیاست کرتا ہے اور سیاست کرنے کے لیے پیسہ چاہیے ہوتا ہے، عمران خان کہتا ہے میں طاقت وروں سے پیسہ نہیں لوں گا اور پیسہ بھی عوام سے لوں گا، یہ ہماری فنڈنگ کا راستہ روک کر ہماری سیاست کو ختم کرنا چاہتے ہیں،الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کا شراکت دار بن گیا ہے ،فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ ہو کیا رہا ہے؟ الیکشن خریدے جاتے ہیں اور بند کمروں میں بیٹھ کر ڈیلیں کی جاتی ہیں، اب پاکستان میں ایسا لیڈر آگیا ہے جو کہتا ہے کہ میں نے سیاست عوام کے زور پر کرنی ہے اور پچھلے 4 مہینوں میں دیکھا گیا کہ مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی گئی لیکن عمران خان کھڑے ہو گئے،عمران خان کی سیاست کو نہ تو پہلے کوئی خطرے تھا اور نہ آئندہ ہے اگر خطرہ ہے تو پاکستان کے اس بوسیدہ سیاسی اور حکمرانی کے نظام کو ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کے عوام باہر کی طاقتوں کے سامنے سرجھکانے اور غلامی کو تیار نہیں ہیں جبکہ عوام کی طاقت اور سیاست کے لیے پیسہ بھی چاہیے اور وہ کہتا ہے کہ میں پیسہ عوام کے سوا کسی سے نہیں لوں گا، بیرون ملک کے پیسوں کی ترسیل سے ہی تو ملک کی معیشت کھڑی ہے، پیسے کے بغیر سیاست ہو نہیں سکتی کیونکہ بینرز، جھنڈے لگانے کے لیے بھی پیسے چاہئے ہوتے ہیں،پاکستان میں عمومی طور پر دیکھیں تو ملکی معیشت بیرون ملک پاکستانیوں کے ترسیل زر پر کھڑی ہے، اسی طریقے سے تحریک انصاف کی فنڈنگ میں پاکستان میں رہنے والے بہت عام لوگ پیسہ جمع کرتے ہیں اور ایک بہت بڑی تعداد بیرون ملک پاکستانیوں کی ہے،یہ چاہتے ہیں یہ دروازہ بند کردیں، اگر کوئی سیاسی جماعت عوام سے پیسہ لے کر سیاست نہ کرسکے تو پھر ایک ہی راستہ رہ جائے گا وہ طاقت ور گھروں، طاقت ور اداروں اور بیرونی طاقتوں کا راستہ ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے 3 شوکت خانم ہسپتال بنائے اور نمل یونیورسٹی بنائی۔ عمران خان اور عوام نے مل کر اس نظام کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور عوام کے پیسے پر پارٹیاں چل رہی ہیں۔ پاکستان میں بدقسمتی سے چند خاندانوں نے حکومت کی ہے، عمران خان نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ خیرات اکٹھی کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کو اندرون و بیرون ملک سے لوگ پیسے بھیجتے ہیں لیکن اب یہ چاہتے ہیں کہ ہماری فنڈنگ کا راستہ روک کر یہ ہماری سیاست کو ختم کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں