وزیراعظم آزاد کشمیر نے فوجی افسران کی شہادت کو قومی سانحہ قرار دے دیا

مظفر آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے بلوچستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والے، ہیلی کاپٹر حادثے میں افواج پاکستان کے اعلیٰ افسران و جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ قرار دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ،بریگیڈیئرمحمدخالد ،آزاد کشمیر کے دو بہادر سپوتوں میجر جنرل امجد حنیف ،میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی اعلی قیادت نے انسانیت کی خدمت اور سیلاب زدگان کی مدد کے دوران جام شہادت نوش کیا،قوم افواج پاکستان کے ان افسران و جوانوں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ جوانوں کے خون کا ایک ایک قطرہ ملک کے تحفظ کا ضامن ہے۔ جرات اور شہادت ہماری افواج کا طرہ امتیاز ہے ،اللہ تعالی سے شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا ہے ، پوری قوم شہدا کے لواحقین کیساتھ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں