وویمن کمیشن آزادکشمیر خواتین کے حقوق کے تحفظ کےلئے اقدامات اٹھارہی ہے ،ریحانہ خان

مظفرآباد(وقائع نگار)چیئرپرسن وویمن کمیشن آزادکشمیر محترمہ ریحانہ خان نے کہا ہے کہ وویمن کمیشن آزادکشمیر خواتین کے حقوق کے تحفظ کےلئے اقدامات اٹھارہی ہے اور وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویرالیاس خان کے ویژن کے مطابق خاتون کو معاشرہ میں باوقار مقام دلانے کےلئے خواتین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کیے جارہے ہیں۔خواتین معاشرہ کااہم جزو ہیں جن کے بغیر معاشرتی ترقی ممکن نہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما شہناز خان اور سابق سینئربیورو کریٹ سردارصدیق خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کے وزیراعظم سردارتنویرالیاس خواتین کے مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں۔خواتین کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کےلئے بلاسود قرضے فراہم کیے جارہے ہیں تاکہ وہ معاشرے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ اس کے علاوہ جہیز فنڈز میں اضافہ کیاگیا ہے تاکہ خواتین کو شادی کے مسائل نہ ہوں ۔بہت سی خواتین ایسی ہیں جن کے پاس جہیز کے پیسے نہ ہونے کے باعث گھروں میں ہیں اور ان کی عمریں گزرتی جارہی ہیں حکومت ان خواتین کوجہیز کی فراہمی کےلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔خواتین کو تعلیم میں آگے لانے کےلئے شاندار اقدامات کیے گئے ہیں جس کا بین ثبوت وویمن یونی ورسٹی با غ کا کیمپس مظفرآباد میں بھی قائم کیاجارہا ہے جس سے خواتین کو تعلیمی مسائل کاسامنا نہیں ہوگااور خواتین کو بھی معیاری تعلیم مہیا کی جاسکے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویرالیاس جلد ہی اسمبلی کے اندر بھی خواتین کی نشستوں میں اضافہ کررہے ہیں اس کے علاوہ آمدہ بلدیاتی انتخابات میں خواتین کو مناسب نمائندگی دی جائے گی ۔ میں وزیراعظم آزادکشمیر سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ اپنی ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں خواتین کا25فیصد کوٹہ مختص کیا جائے تاکہ خواتین کو بھی سیاست میں آگے آنے کا موقع مل سکے۔وویمن کمیشن خواتین کے مسائل کے حل کےلئے ہر ممکن کوشش کریگی۔ آئے روز خواتین پرتشدد اور جنسی زیادتیوں کے کیس سامنے آرہے ہیں ایسے واقعات کی روک تھام اور اس کے سدباب کےلئے خواتین ڈیسک قائم کیے جارہے ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویرالیاس کی قیادت میں آزادکشمیر میں تعمیروترقی کا نیا دور شروع ہونے والا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں