عمران خان کی جان کو خطرہ ،حکومت سکیورٹی دے ،عمر ایوب

اسلام آباد(وقائع نگار)پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے عمران خان کی جان کو خطرہ ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ اے این پی کے ایمل ولی نے وزیراعظم ہاوس میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کو ٹھکانے لگانے کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو قتل کرنے کی بات کی گئی، عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اس لیے مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ووٹ کے میدان میں جانے کے بعد جان لیوا حملہ کرنے کی بات کر رہے ہیں جبکہ وزیراعظم ہاوس میں منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس منصوبہ بندی کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں، پی ٹی آئی پرامن جماعت ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے وزیراعظم سی ڈی اے کے وزیراعظم بن کر رہ گئے ہیں جبکہ ہم قانون کی پاسداری کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی آر کرانا ہمارا حق ہے، ہم ہر قسم کی قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں