پنجاب میں پی ٹی آئی کی دوبارہ حکومت عمران خان کے بیانیہ کی فتح ہے،پرویز الٰہی

لاہور(سٹاف رپورٹر) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، پنجاب میں تحریک انصاف کی دوبارہ حکومت عمران خان کے بیانیہ کی فتح ہے۔وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی سے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان وزیر اعلی میں ملاقات کی، ایوب آفریدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد قیصر اور ایوب آفریدی نے چودھری پرویزالہی کو وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا بیانیہ وطن کی محبت اور اداروں کی بالادستی پر مبنی ہے، عمران خان نے ہر پاکستانی کو آزاد قوم کا شعور دیا۔ چودھری پرویز الہی نے کہا کہ پنجاب میں ایک بار پھر تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ڈلیور کرے گی۔ صحت کارڈ، احساس پروگرام اور دیگر عوامی منصوبے تیزی سے آگے بڑھیں گے۔ اس موقع پر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ آپ کی بہترین گورننس سے عوام کے مسائل حل ہونگے۔قبل ازیں نئے وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کا ایوان وزیراعلی پہنچنے پر بھر پور استقبال کیا گیا۔وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کے وزیر اعلی ہاوس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ پرویز الہی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں