پاک فوج سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)گلگت بلتستان اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک افواج کے دستےامدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق پاک فوج کے دستے بلوچستان اور گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاو اور امدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان آرمی اور ایف سی بلوچستان کی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں پانی کو صاف کرنے، متاثرہ آبادی کو بنیادی غذائی ضروریات اور طبی امداد فراہم کرنے میں مسلسل مصروف ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں سے ڈی واٹرنگ پمپوں اور ٹینکروں کے ذریعے پانی نکالا جا رہا ہے۔ بولان، لسبیلہ، اوتھل اور جھل مگسی اور غذر میں سیلاب کے دوران پھنسے 700 سے زائد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے حب، لسبیلہ، اوتھل، زیروپوائنٹ، دیودر اور غذر جی بی میں فری میڈیکل کیمپ لگائے ہیں جہاں لوگوں کو طبی سہولیات اور مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ لسبیلہ، اوتھل، جھل مگسی، خضدار اور دیگر متاثرہ علاقوں میں 7.5 ٹن غذائی اشیا، پناہ گاہیں اور دیگر امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ امدادی سرگرمیوں اور سیلاب کی وجہ سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بلوچستان کے مختلف مقامات پر اسٹینڈ بائی ریسپانس ٹیمیں تعینات ہیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کراچی میں سیلابی پانی نکالنےکی کوششوں سمیت جامشورواورگھارومیں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں