کیپٹن سرور شہید کی قربانی نا قابل فراموش،سرکاری طور پر کشمیر کا ہیرو قرار:سردار تنویر الیاس

لندن(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے لندن سے اپنے ایک وڈیو پیغام میں 27 جولائی کو پاکستان کے پہلے نشان حیدر اور آزادی کشمیر کے ہیرو کیپٹن راجہ محمد سرور شہید نشان حیدر کے 74ویں یوم شہادت پر پوری پاکستانی قوم اور بالخصوص کشمیری عوام کی جانب سے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن راجہ محمد سرور شہید نشان حیدر کی شہادت ہماری آزادی کے لئے ایک ناقابل فراموش قربانی ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے، پوری قوم انکی شہادت اور قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے لندن سے اپنے ایک وڈیو پیغام میں کہا کہ اس سال سے آزادی کشمیر کے اس عظیم سپاہی کو سرکاری طور پر کشمیر کا ہیرو ڈکلیئر کیا جاتا ہے۔ ہر سال کشمیر کے وزیراعظم یا وزراء گجر خان میں پولیس گارڈ کے ساتھ سلامی پیش کرنے جایا کریں گے اور اوڑی سیکٹر میں ان کی جائے شہادت کے زون میں بھی گارڈ آف آنر دیا جائے گا،اس بار بیرون ملک مصروفیات کی بناءپر وہ خود حاضر نہیں ہو سکتے مگر ان کے وزرا ان کی طرف سے سلامی پیش کریں گے۔
انہوں نے 18 سے 28 جولائی تک ہونے والے ٹورزم فیسٹیول کو بھی پاک فوج اور کیپٹن راجہ سرور شہید نشان حیدر کے نام کرنے کا اعلان بھی کر دیا، 28 تاریخ کو اس کی اختتامی تقریب، چکوٹھی ٹرمنل پر، کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کا نشان حیدر بھی لایا جائے گا۔ اس موقع پر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ سلامی پیش کرنے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
سردار تنویر الیاس خان نے پاک فوج کو اس ایونٹ میں بھرپور شرکت کی دعوت دی اور عوام اور افواج پاکستان کے درمیان موجود مضبوط رشتے کو مزید تقویت دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قوم اپنی افواج کی طاقت کے بغیر ادھوری ہے۔ مضبوط فوج ہی قوم کی بقاءاور سالمیت کی ضامن ہوتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں