گورنر پنجاب کی پرویز الٰہی سے حلف لینے سے معذرت ،تقریب ایوان صدر میں ہو گی

لاہور(سٹاف رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے چوہدری پرویز الہٰی سے وزارت اعلیٰ کا حلف لینے سے معذرت کرلی ہے جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کے حلف کی تقریب ایوان صدر میں ہو گی۔
سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب الیکشن کیس میں گورنر پنجاب کو آج رات ساڑھے 11 بجے پرویز الہٰی سے وزارت اعلیٰ کا حلف لینے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا حلف لینے کے معاملے پر گورنر پنجاب سے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے معذرت کرلی۔دوسری طرف پی ٹی آئی پنجاب کے رہنما میاں محمود الرشید نے گورنر پنجاب کے انکار کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے رابطہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے میں صاف الفاظ میں کہا گیا ہے کہ فیصلے پر فوری عمل یقینی بنایا جائے، گورنر پنجاب اگر پرویز الہٰی سے حلف نہ لیں تو صدر مملکت وزیر اعلیٰ پنجاب سے حلف لیں گے۔گورنر پنجاب کے انکار کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی تقریب حلف برداری شب دو بجے منعقد ہو گی۔ اس ضمن میں ایوان صدر کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نئے وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لیں گے۔ترجمان ایوان صدر کے مطابق چودھری پرویز الٰہی کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں شب دو بجے منعقد ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں