ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کی شاندار فتح،وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس بھی خوشی سے نہال

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے پنجاب کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کی شاندار فتح پر اہلیان صوبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے باشعور پاکستانیوں نے تاریخی فتح حاصل کر کے دنیا کو بتا دیا کہ ہم خوددار قوم ہیں،پنجاب کے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی عمران خان کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے پنجاب کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار فتح پر ظہرانے کا اہتمام کیا جس میں میجر ریٹائرڈ خرم حمید خان روکھڑی،سعد اللہ خان نیازی،قاسم زمان خان، بین الاقوامی شہرت یافتہ ماسٹر پلانر ٹونی آشائی، نامور اینکر سمیع ابراہیم ،رانا طاہر محمود ،میجر ریٹائرڈ تاثیر اکرام ،چوہدری شہباز حسین،ڈاکٹر عرفان اشرف ترجمان وزیراعظم ،اور معاون خصوصی برائے امور نوجوانان راجہ سبیل ریاض نے شرکت کی ۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی عمران خان کی جدوجہد کا نتیجہ ہے،تحریک انصاف کی حکومت میں ملک کی معیشت ترقی کے راستے پر گامزن تھی، عمران خان کے دور حکومت میں تاریخی ٹیکس جمع ہوا،کورونا جیسی وبا میں بھی ملکی معیشت مستحکم رہی اور عالمی سطح پر بھی ویراعظم عمران خان کی پالیسیوں کو سراہا گیا ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی ضمنی انتخابات میں کامیابی کا سہرا نوجوانوں کو جاتا ہے جنہوں نے دن رات محنت کی،ہماری خواتین بھی اس حقیقی آزادی کی جدوجہد میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں،پوری قوم کو اپنی خواتین پہ فخر ہے،17جولائی کا دن پاکستانی سیاست میں اہم اور تاریخی حیثیت اختیار کر گیا ہے،عوام اپنے ووٹوں کی طاقت سے اس گیارہ جماعتی مسلط ٹولے کو شکست فاش دی ہے ۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے فاشسٹ حکومت کی جانب سے جھوٹے مقدمات میں الجھانے، ڈرانے دھمکانے کے باوجود حق کیساتھ کھڑے رہنے والے صحافیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں