اتحادی حکومت عوامی تائید کھو چکی، پیپلزپارٹی نے عام انتخابات کی حمایت کردی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) صوبہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے نتائج کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی عام انتخابات کی حمایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں پی پی رہنما سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشنز سے واضح ہو گیا کہ اتحادی حکومت عوام کی تائید کھو چکی ہے ، ہو نہیں سکتا مہنگائی آسمانوں سے باتیں کرے اورعوام ہمیں پھولوں کے ہار ڈالیں ، ضمنی الیکشن کے نتائج کے بعد سیاسی استحکام مزید کم ہوگا اور حکومت کرنا مشکل ہوتا جائے گا ، ملک اور معیشت کو استحکام کی ضرورت ہے جو صرف جنرل الیکشن سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے ہی موقف تھا کہ حکومت کرنے کی بجائے فورا الیکشن کرا دینے چاہئیں ، آئی ایم ایف سے ڈیل فریش مینڈیٹ والی حکومت کو ہی کرنی چاہیے ، مشکل فیصلے وہ حکومت کرے جس کے پاس پانچ سال کا مینڈیٹ ہو لیکن سیاسی جماعتیں ابھی تک ذہنی طور پر نوے کی دہائی میں پھنسی ہوئی ہیں جب کہ آبادی میں نوجوانوں کا تناسب، کرپشن کا تدارک، اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ دور حاضر کی سیاست کے لازمی جزو ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں