لوگوں نے مافیا کو بد ترین شکست دی،فرخ حبیب

اسلام آباد (وقائع نگار) سابق وزیر مملکت اور تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ ایک طرف ساری جماعتیں اور طاقتیں ساتھ مل گئیں ۔ دوسری طرف عمران خان کے ساتھ اللہ تعالی نے عوام کے دل جوڑ دئیے۔

فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے مافیا کو بدترین شکست دی۔بیشک فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے۔واضح رہے کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت سے شکست دی ہے۔ تحریک انصاف نے 20 نشستوں پر 15 میں کامیابی حاصل کرکے مسلم لیگ ن کو ناک آوٹ کردیا۔ ن لیگ نے محض 4 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ۔ صوبہ پنجاب میں 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں 15 نشستیں جیت کر پاکستان تحریک انصاف دوبارہ پنجاب پر حکمرانی کی پوزیشن میں آگئی۔

ضمنی الیکشن میں 15 نشستوں پر کامیابی کے بعد صوبائی اسمبلی میں تحریک انصاف کے پاس 178 سیٹیں آچکی ہیں جب کہ ان کے اتحادی ق لیگ کے 10 ایم پی ایز کو ملا کر یہ تعداد 188 ہوجاتی ہے یوں پی ٹی آئی نے حکومت بنانے کے لیے درکار 186 نشستوں کا نمبر بھی حاصل کرلیا۔ جب کہ مسلم لیگ ن کو ضمنی الیکشن میں 4 حلقوں میں کامیابی حاصل ہوئی جس کے ساتھ ان کے اراکین صوبائی اسمبلی کی تعداد 167 ہوگئی ، جس کو حکومتی اتحاد میں شامل پیپلزپارٹی کے 7 ایم پی ایز کی حمایت بھی حاصل ہے اس کے علاوہ 4 آزاد اراکین اور ایک راہ حق پارٹی کے رکن کو ساتھ ملا کر ان کے پاس 179 اراکین کی حمایت ہے جو کہ حکومت سازی کے لیے کافی نہیں۔

پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے 15 ، مسلم لیگ ن کے 4 اور ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں