پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قوم سے براہِ راست خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پیٹرول کی مد میں فی لیٹر 18 روپے 50 پیسے جب کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 40 روپے 54 پیسے کی کمی کردی گئی ہے جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد فی لیٹر پیٹرول 18 روپے 50 پیسے سستا ہوکر 230 روپے 24 پیسے پر فروخت ہوگا اور ہائی سپیڈ ڈیزل 40 روپے 54 کمی کے بعد 234 روپے پر دستیاب ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری سنبھالی تو تباہ شدہ معیشت ملی، اس وقت پاکستان میں مہنگائی اپنے عروج پر تھی اور دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمانوں پر باتیں کررہی تھیں، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت ترین شرائط پر معاہدہ کیا، جاتے جاتے سابق حکومت نے اس معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں اور ہمارے لئے بارودی سرنگیں بچھا کر تیل کی قیمتوں میں اچانک کمی کردی جس کے لئے خزانے میں پیسے موجود نہیں تھے، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی کوششوں کی بدولت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ہمارا معاہدہ طے پا گیا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے وعدہ کیا تھا کبھی غلط بیانی نہیں کروں گا، ہم نے دل پر پتھر رکھ کر تیل کی قیمتیں بڑھائیں جس کا بوجھ عوام پر پڑا اور آج عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں گر رہی ہیں جس کی وجہ سے آپ تک اس کمی کا ایک ایک پیسہ پہنچانے کی سعادت ملی ہے، خدا کرے کہ آئی ایم ایف سے یہ آخری معاہدہ ہو اور ہم اپنے پاو¿ں پر کھڑا ہونے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
خیال رہے کہ موجودہ اتحادی حکومت نے تین بار اضافے کے بعد پہلی مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں