شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،3دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (آئی پی ایس)شمالی وزیر ستان کے علاقے غلام خان کلے میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیاجس کے نتیجے میں تین دہشت گرد مارے گئے ۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کیخلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کیلی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجہ میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے موثر انداز میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا جس کے نتیجے میں7 دہشت گرد مارے گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ۔ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں بھی ملوث تھے ۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران صوبیدار منیر حسین ،عمر 44 سال، ساکن پاراچنار، کرم اور حوالدار بابو خان ،عمر 38 سال، ساکن ڈی آئی خان نے دلیرانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔ سیکیورٹی فورسز کی طرف سے گردونواح میں کسی بھی مزید دہشت گرد کی سرکوبی کے لیے علاقے میں کلیئرنس کا عمل جا ری ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کے وہاں پہنچتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس پر اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں