معروف صحافی امریکہ کے لئے جاسوسی کرتا پکڑا گیا

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک)روس میں عالمی نشریاتی ادارے”وال سٹریٹ جرنل “کے لیے رپورٹنگ کرنے والے صحافی کو امریکہ کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی خفیہ ایجنسی ایف ایس بی سیکیورٹی سروسز نے کہا ہے کہ روس میں نشریاتی ادارے”وال سٹریٹ جرنل “کے لیے کام کرنے والے امریکی صحافی کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔روسی خفیہ ایجنسی ایف ایس بی نے کہا کہ انہوں نے امریکی شہری ایوان گرشکووچ کو غیرقانونی سرگرمیوں پر گرفتار کیا جس پر امریکی حکومت کے مفادات میں جاسوسی کا شبہ تھا۔دوسری طرف”وال سٹریٹ جرنل“ نے کہا ہے کہ صحافی کی حفاظت پر وہ گہری تشویش میں ہے جبکہ رپورٹرز ود آوٹ بارڈرز(آر ایس ایف) نے کہا کہ وہ ایسی جوابی کارروائی پر تشویش کا شکار ہے،صحافی فوجی کمپنی ویگنر پر تفتیشی رپورٹنگ کر رہا تھا۔ادھر ایف ایس بی نے تصدیق کی کہ 31 سالہ امریکی صحافی روسی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کیے گئے ایکریڈیشن کارڈ کے تحت کام کر رہا تھا،صحافی کو روس کے ملٹری انڈسٹریل کمپلیکس کے بارے میں معلومات اکٹھا کرنے کے جرم میں تحویل میں لیا گیا ہے،غیرملکی شہری کو ماسکو کے مشرق میں خفیہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش میں گرفتار کیا گیا ہے۔روسی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ صحافی کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔وال سٹریٹ جرنل میں جانے سے قبل امریکی صحافی ماسکو میں عالمی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے لیے کام کرتا تھا۔روانی کے ساتھ روسی زبان میں بات کرنے والا امریکی شہری اس سے قبل انگریزی زبان کی نیوز ویب سائٹ ”دی ماسکو ٹائمز“ کے لیے کام کر رہا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں