ولیمے کی ایسی شاندار اور انوکھی تقریب کہ کوئی بھی داد دیئے بغیر نہ رہ سکے

لکی مروت(وقائع نگار )ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی ،غربت اور بے روزگاری نے ہر کسی کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے ،غریب اور متوسط طبقے کی مہنگائی نے کمر توڑ دی ہے جبکہ دوسری طرف اشرافیہ اور امیر کبیر خاندان اپنی شادی بیاہ کی تقریبات میں ایسی ٹھاٹ بھاٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں کہ جس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ غربت اور غریب کا مذاق اڑا رہے ہیں تاہم صوبہ خیبر پختونخوا میں ولیمے کی ایسی شاندار اور انوکھی تقریب دیکھنے میں آئی ہے کہ اس کی تفصیلات جان کر ہر کوئی داد دینے پر مجبور ہو گا ۔
“پاکستان ٹائم “ کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں وقاص خان اور شمعون خان کی شادی ہوئی تو اس خاندان کے بڑوں نے فیصلہ کیا کہ وہ مہمانوں کو ولیمے کا کھانا دینے کے بجائے علاقے کے مستحقین میں راشن بیگز تقسیم کریں گے۔دلہوں کے چچا اور تحصیل چیئرمین عزیزاللہ نے اس حوالے سے کہا کہ انہوں نے اس فیصلے کے بعد 600 گھرانوں میں راشن بیگز تقسیم کیے جس میں آٹا، گھی، چاول، چینی اور دالیں شامل تھیں، بیگز کی تیاری پر لاگت فی کس 6 ہزار 500 روپے آئی۔ تحصیل چیئرمین عزیزاللہ نے کہا کہ ولیمے پر تقریباً 20 لاکھ روپے خرچ آنا تھا جو ہم نے فوڈ بیگز کی تیاری پر لگا دیا اور ایسے افراد کو راشن دیا جو دو وقت کی روٹی کمانے سے قاصر ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے اپیل کی کہ موجودہ دور میں دیگر صاحب ثروت افراد بھی اس اقدام کی پیروی کریں۔ مستحقین میں راشن بیگز کی تقسیم کے موقع پر لکی مروت کے ڈپٹی کمشنر عبدالہادی بھی موجود تھے جنہوں نے راشن بیگز تقسیم کیے اور اس احسن اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اپنی خوشیوں میں نادار لوگوں کو شامل کرنا ہم سب پر فرض ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں