ٹویوٹا موٹرز کا الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریوں میں 5.3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

اسلام آباد (کامرس رپورٹر) جاپان کی موٹر ساز کمپنی ٹویوٹا الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریوں کی تیاری کے لیے 5.3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی ۔

جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق ٹویوٹا موٹر کا کہنا ہے کہ وہ اپنی الیکٹرک گاڑیوں کے لیے جاپان اور امریکا میں بیٹریوں کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے تقریبا 5 ارب 30 کروڑ ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرے گی جس میں سے نصف سے زیادہ رقم مغربی جاپان میں ٹویوٹا اور بڑی الیکٹرانکس کمپنی پیناسونک کے اشتراک سے بننے والے کارخانے اور ٹویوٹا کے اپنے مقامی کارخانوں میں لگائی جائے گی۔بقیہ سرمایہ کاری شمالی کیرولینا میں زیر تعمیر ایک کارخانے کے لیے مختص کی گئی ہے۔ٹویوٹا کا ہدف 2024 سے مرحلہ وار پیداوار بڑھانا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس طرح اسے پچھلے سال مئی کے مقابلے میں بیٹریوں کی 6 گنا زیادہ پیداواری صلاحیت حاصل ہو جائے گی۔گاڑی ساز کمپنی کا ہدف، 2030 تک سالانہ 35 لاکھ الیکٹرک گاڑیاں فروخت کرنا ہے۔ واضح رہے کہ ٹویوٹا کی حریف کمپنی ہونڈا موٹر نے رواں ہفتے کہا تھا کہ وہ جنوبی کوریا کی بیٹری بنانے والی کمپنی کے ساتھ مل کر امریکا میں برقی گاڑیوں کی بیٹریوں کا کارخانہ لگانے کے لیے 4 ارب 40 کروڑ ڈالر خرچ کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں