ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر24 فیصد کمی

اسلام آباد(کامرس رپورٹر) ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں اگست کے دوران سالانہ بنیادوں پر24 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔اوگرا اورانڈسٹری کی جانب سے دستیاب اعدادوشمارکے مطابق اگست 2022 میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کاحجم 1526000 ٹن ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 24 فیصدکم ہے، گزشتہ سال اگست میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کاحجم 1963000 ٹن ریکارڈکیاگیاتھا، جولائی کے مقابلہ میں اگست میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر6 فیصدکی نمودیکھنے میں آئی ہے، جولائی میں ملک میں 1442000 ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی جواگست میں بڑھ کر 1526000 ٹن ہوگئی۔اعدادوشمارکے مطابق اگست میں فرنس آئل کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر22 فیصد، ہائی سپیڈڈیزل 32 فیصد اورپیٹرول کی فروخت میں 20 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی جبکہ دیگر پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر30 فیصدکااضافہ ہوا،اگست میں ملک میں 327000 ٹن فرنس آئل، 496000 ٹن ہائی سپیڈڈیزل اور638000 ٹن پٹرولیم کی فروخت ریکارڈکی گئی، گزشتہ سال اگست میں ملک میں 506000 ٹن فرنس آئل، 670000 ٹن ہائی سپیڈڈیزل اور737000 ٹن پٹرولیم کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں