گاڑیوں کی ملکیت منتقلی ، نئی رجسٹریشن سمیت تمام درخواستوں پرکیو آرکوڈ متعارف

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کی ہدایات پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اسلام آباد نے گاڑیوں کی ملکیت منتقلی ، نئی رجسٹریشن سمیت تمام درخواستوں پر کوئیک ریسپانس (کیو آر)کوڈ متعارف کر ادیا ہے، شہری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن دفتر وزٹ سے قبل اپنے سمارٹ فون سے کیو آر کوڈ سکین کر کے تازہ ترین معلومات حاصل کر سکتے ہیں ، گاڑیوں کی طرح موٹر سائیکل کی رجسٹریشن اور نام منتقلی کے عمل کو مزید شفاف بنانے کے لئے یکم ستمبر سے بائیو میٹرک تصدیق لازمی کردی گئی ہے ،ایکسائز دفتر میں شہریوں کی معلومات کے لئے 5کاﺅنٹرز پر مشتمل ڈیسک قائم کیا گیا ہے تا کہ معلومات کی فراہمی کا عمل مزید بہتر بنایا جاسکے ، گزشتہ ایک سال میں ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن نے مجموعی طور پر 19ارب کا ریونیو حاصل کیا جو کہ گذشتہ تمام سالوں کے نسبت سب سے زیادہ ہے ۔

ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اسلام آباد بلال اعظم نے گفتگو کر تے ہوئے بتایا کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اسلام آباد نے عوامی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے جن سے وفاقی دارالحکومت کے شہریوں سے بھر پور استفادہ کیا ہے ، کووڈ۔ 19 کی وبا کے دوران ادارے کی کارکردگی کو متاثر کیے بغیر نہ صرف آمدنی میں اضافہ کیا گیا بلکہ وزیراعظم کے وژن کے عین مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہمی کو یقینی بنایا گیا ۔

انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے اپنے مرکزی دفتر کے علاوہ گاڑیوں کی رجسٹریشن، نام منتقلی ،این او سی کے اجرا سمیت تمام امور کی فراہمی وفاقی دارالحکومت کے پانچ مختلف مقامات پر شام کے اوقات میں فراہم کی جارہی ہے ،شہری جو کسی بھی وجہ سے ایکسائز دفتر نہیں آسکتے وہ پیر کو ایف نائن پارک ، منگل کو کچنار پارک ، بدھ کو ٹریل تھری ، جمعرات کو روز جیسمین گارڈن اور جمعہ کو شالیمار گراﺅنڈ میں دوپہر 2 بجے تا 4 بجے تک ان مقامات پر اپنی دستاویزات اور گاڑیوں کے ہمراہ آکر گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ملکیت منتقل کی درخواستیں جمع کر اسکیں گے ،اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سہولت کے لئے سٹی ہیلپ لائن 1819 کا اجرا بھی کیا گیا ہے تا کہ شہری صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی خدمات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی معلومات ، مشورے یا شکایات کا انداراج کراسکتے ہیں ۔

ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم نے بتایا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے لئے بائیو میٹرک تصدیق کا عمل شروع کر نے سے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور نام تبدیلی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ،گاڑیوں کی رجسٹریشن کی مد میں ایک سال میں ایک ارب روپے سے زائد کی آمدن کا حصول ممکن ہوسکا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں کی طرح موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کا عمل مزید شفاف بنانے لئے موٹر سائیکلوں کی ملکیت تبدیلی کے لئے آئندہ ماہ یکم ستمبر سے بائیومیٹرک لازمی کر دی گئی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں