کراچی(سٹاف رپورٹر) نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس(ر)مقبول باقر نے محکمہ لیبر کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ ڈائریکٹوریٹ کو فعال کرے تاکہ صنعتی اکائیوں میں تمام محنت کشوں خاص طور پر خواتین ورکرز کے ساتھ ان کی تنخواہوں،ریگولرائزیشن اور ریٹائرمنٹ کے حوالے سے امتیازی سلوک کو ختم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان پر فرد جرم،نعیم حیدر پنجوتھا نے عدالتی کارروائی کی کہانی بیان کرتے ہوئے حیران کن بات کہہ دی
پاکستان ٹائم کے مطابق یہ ہدایات انھوں نے یہاں وزیر اعلی ہاوس میں محکمہ لیبر اور پائلر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کرامت علی کی قیادت میں 29 رکنی وفد کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں،نگران وزیر اعلی سندھ نے مختلف صنعتی یونٹس میں کام کرنے والے مزدوروں کے درپیش مسائل سنے اور محکمہ لیبر کو انھیں حل کرنے کا حکم دیا۔ایک سوال کے جواب میں سیکریٹری لیبر شارق احمد نے نگران وزیر اعلی سندھ کو بتایا کہ کم از کم اجرت 32000 روپے کی کابینہ سے منظوری ہونا باقی ہے،نگران وزیر اعلی سندھ نے انھیں ہدایت کی کہ وہ کابینہ کیلیے سمری پیش کریں اسے سرکولیشن کے ذریعے منظور کریں اور پھر اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔نگران وزیر اعلی سندھ کو بتایا گیا کہ خواتین محنت کشوں کو مرد ورکرز کے مقابلے میں کم تنخواہ کی دی جاتی ہے،جب خواتین ورکرز کو خاص طور پر ٹیکسٹائل سیکٹر میں 42 تا 45 سال کی عمر کو پہنچ جاتی ہیں تو انھیں بوڑھا قرار دیکر نوکری سے فارغ کر دیا جاتا ہے یا ملازمت دینے سے انکار کر دیا جاتا ہے۔جسٹس(ر) مقبول باقر نے اسے سنجیدگی سے لیا اور محکمہ لیبر کو ہدایت کی کہ وہ اس طرح کے غیر انسانی امتیاز کے خاتمے کے لیے ضروری انتظامی اقدامات کرے،جسٹس (ر) مقبول باقر نے لیبر کورٹس میں سٹاف کی کمی پر قابو پانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ نگران وزیر اعلی سندھ نے محکمہ لیبر کو ہدایت کی کہ وہ سیسی کے ورکرز کا ڈیٹا ای او بی آئی کے ساتھ ملا کر انھیں رپورٹ کریں،مزدور رہنماوں نے ایک فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعے کی نشاندہی کی جس میں17 اکتوبر 2023 کو وہاں کام کرنیوالے دو بچوں کی زندگیاں ختم ہو گئیں۔نگران وزیر اعلی سندھ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ لیبر سے پوچھاکہ جب صنعتی یونٹ میں بچوں کو ملازمت دے رہے تھے تو وہ کیا کر رہا تھا،انھوں نے محکمہ لیبر سے واقعے کی رپورٹ طلب کی اور متاثرین کے اہل خانہ کے لیے معاوضہ بھی شامل کیا۔نگران وزیر اعلی نے صنعتی یونٹس میں کام کرنے والے مزدوروں کے مسائل سنے اور محکمہ لیبر کو انھیں حل کرنے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں:جی ڈی اے نے مسلم لیگ ن کیساتھ مل کر الیکشن لڑنے کا عندیہ دیدیا