nawaz sharif

”آئے روز وزیر اعظم بدلنے سے ملک ترقی نہیں کرتا“نواز شریف کا ورکرز کنونشن سے خطاب

سیالکوٹ(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میری حکومتوں سے زیادہ میری جیلوں اور ملک بدری کی مدت لمبی ہے مگر میں نے ہمت کبھی نہیں ہاری،ہم نے پاکستان کو پٹری سے نہیں اتارا بلکہ پٹری ہی اکھاڑ دی گئی،عمران خان نے ہمارے معاشرے اور کلچر کو تباہ کر دیا،عمران خان کو لایا گیا تھا،اسکو لانے والے بھی اتنے ہی ذمہ دار ہیں،جس ملک میں آئے روز وزیر اعظم کو جیلوں میں ڈالا جائے وہ آگے کیسے بڑھ سکتا ہے؟۔

یہ بھی پڑھیں : ”انوارالحق کاکڑ کی کرسی کو خطرہ“لاہور ہائیکورٹ میں ہٹانے کی درخواست
”پاکستان ٹائم“کے مطابق سیالکوٹ میں خواجہ آصف کی رہائش گاہ پر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میں نے مشکل اور اچھا وقت دیکھا،یہ دونوں ساتھ ساتھ چلے،وزارت عظمیٰ دیکھی تو ملک بدری،مقدمات اور جیلوں کا سامنا بھی کیا لیکن کبھی ہمت نہیں ہاری،نہیں معلوم 1993 میں ہماری حکومت ختم کرنے کی کیا وجہ تھی؟ اس وقت ہماری اقتصادی ترقی بھی ہمسایہ ممالک سے بہتر تھی اور ہمارا روپیہ بھی بہتر تھا،دیکھیں تو ملک کتنا خوش حال تھا،ڈالر 104روپے پر تھا اور اس وقت پاکستان میں مہنگائی بھی نہیں تھی،ہم نے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا جب کہ بیروزگاری بھی ختم ہوتی جا رہی تھی،ہم نے خود اپنے ملک کو پٹری سے اتارا نہیں بلکہ پٹری ہی اکھاڑ دی ہے،اچھے بھلے چلتے ملک کو ترقی سے روکا گیا،کتی بار ایسا ہوا کہ وزیر اعظم کو جیلوں میں ڈالا گیا، جس ملک میں آئے روز وزیر اعظم کو جیلوں میں ڈالا جائے وہ آگے کیسے بڑھ سکتا ہے؟۔میاں نواز شریف نے کہا کہ اس وقت بچے سکول جاتے تھے،ان کی امیدوں میں اضافہ ہوتا جا رہا تھا مگر ہمارے خلاف سازش کر کے اچھا بھلا ملک اجاڑ دیا،کیا ضرورت تھی ججوں کو ہمارے خلاف فیصلے دینے کی؟پاکستان اتنا خوبصورت ملک ہے کہ ہم اسے جنت بنا سکتے تھے،بلاوجہ ہمیں نکالا گیا، 2018 انتخابات میں آر ٹی ایس بند کر کے ایک ایسے بندے کو لایا گیا جسے گالی کے سوا کچھ نہیں آتا،عمران خان آیا نہیں بلکہ لایا گیا تھا،اس لیے لانے والے بھی اتنے ہی ذمہ د ار ہیں جتنا وہ ذمہ دار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں