bilawal

”ووٹ کو عزت دو والوں کا اصل چہرہ سامنے آ گیا “

پشاور(بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھٹو ازم کا مطلب عوام کی خدمت ہے،ہم نے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا،یو ٹرن لینا بزدلی کی نشانی ہے،پیپلز پارٹی اصولوں کی سیاست کرتی ہے،کوڑے مارے جائیں یا سزائے موت دی جائے،ہم اصول سے نہیں ہٹیں گے،ووٹ کو عزت دو کے نمائیندوں کا اصل چہرہ سامنے آ گیا،اگر ایک بار پھر کسی کو مسلط کیا جاتا ہے،اگر ایک بار پھر الیکشن نہیں سلیکشن ہوتی ہے تو پھر اس کا نقصان پاکستان کے عوام کو ہو گا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایبٹ آباد،مردان اور ہزارہ کے بعد آج پشاور کے ورکرز کنونشن میں موجود ہیں،پیپلز پارٹی کنونشن نوشہرہ میں بھی ہو گا،گزشتہ جلسہ آپ کی طرف سے تاریخی تھا،کنونشن کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے،ورکرز کنونشن میں مجھے بہت مزہ آرہا ہے،اگلا ورکرز کنونشن دیر میں پھر چترال میں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ قائد عوام کو پھانسی چڑھا دیا گیا لیکن وہ پیچھے نہیں ہٹے،محترمہ بےنظیر نے وقت کے دو آمروں کا مقابلہ کیا،ہمارا مقابلہ غربت اور مہنگائی سے ہے،پیپلز پارٹی غریب کی پارٹی ہے،ووٹ کو عزت دو کے نمائندوں کا اصل چہرہ سامنے آ گیا،یہ ووٹ کی عزت اور گورننس کرنا نہیں جانتے،یہ وہ ہیں جو مہنگائی لیگ بن چکے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھٹو ازم کا مطلب پاکستان کے عوام کی خدمت کرنا ہے،امیر اور اشرافیہ کی نہیں بلکہ اس ملک کے مزدوروں،کسانوں اور محنت کشوں کی خدمت کرنا ہے،ہم اپنے نظریئے اور اصولوں کی خاطر جدوجہد کرتے ہیں اور اگر اس جدوجہد میں سزائے موت بھی دی جائے تو ہم اپنے اصولوں اور نظریئے سے پیچھے نہیں ہٹتے۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے تباہی کے سوا کچھ نہ دیا،ایک لیڈر نے بتایا یوٹرن لینا لیڈر کی نشانی ہے،یوٹرن لینا تو بزدلی کی نشانی ہے،ہمیں روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے پر عمل کرنا ہو گا،پاکستان پیپلز پارٹی کا اس وقت کوئی سیاسی مخالف نہیں ہے،میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ ہوں،میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا بیٹا ہوں اور میرے مخالف مہنگائی،غربت اور بیروزگاری ہے،میرا پاکستان کی کچی آبادیوں میں رہنے والے ہر شخص سے وعدہ ہے کہ جب ہم ملکر پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے تو ہم کچی آبادیوں میں رہنے والے ہر شخص کو اپنی زمین کا مالک بنائیں گے،ہم ایک نئی سیاست لانا چاہتے ہیں،ہم اس نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنا چاہتے ہیں،انشاء اللہ ہم سب کے ساتھ ملکر اس ملک کی خدمت کریں گے،یہ ملک ایک جدید ریاست بنے گا،یہ ملک ایک طاقتور ملک بنے گا انشاءاللہ۔

یہ بھی پڑھیں : نیب کی عمران خان سے ساڑھے 3گھنٹے تفتیش

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں