لاہور(سٹاف رپورٹر)امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے او آئی سی کے اجلاس پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے 19نومبر کو لاہور میں عظیم الشان غزہ مارچ کا اعلان کر دیا۔ منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے بتایا کہ قطر میں اسماعیل ہنیہ اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی، اسماعیل ہنیہ نے بتایا ہے کہ طوفان الاقصی آپریشن کا مقصد سویلین پر حملے نہیں تھے، 11فوجی کیمپوں پر حملہ کیا گیا، اسماعیل ہنیہ کی گفتگو سے محسوس کیا کہ ان کے حوصلے بلند ہیں۔ امیرِ جماعتِ اسلامی نے بتایا کہ پاکستانی مندوب نے اقوامِ متحدہ میں جو تقریر کی اسماعیل ہنیہ نے اس کو بھی سراہا، ہم ایک مقدس جہاد کر رہے ہیں، میں نے پاکستانیوں کے جذبات سے فلسطینی قیادت کو آگاہ کیا،انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان سے پہلے بھی اس خطے کے لوگ اسرائیل کے وجود کو تسلیم نہیں کرتے تھے، قیامِ پاکستان کے بعد اسرائیل کو تسلیم نہ کرنا اور فلسطینیوں کی حمایت کرنا ہماری قومی پالیسی ہے، چین بھی حماس کے موقف کو درست تسلیم کرتا ہے، مسلمان حکمرانوں نے تقاریر کیں، مذمتی بیان جاری کیا لیکن کسی عملی اقدام کا نہ کوئی اعلان کیا۔ ان کاکہناتھاکہ ہم ہرقیمت پر غزہ کے مجاہدین اور مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے، پاکستانی ایک غیرت مند اور جرات مند قوم ہیں،19نومبر کو لاہور میں ایک عظیم الشان غزہ مارچ ہو گا، ہمارا عزم ہے کہ اب تک جتنے مظاہرے ہوئے ہیں یہ ان میں سب سے بڑا مظاہرہ ہو گا،عوام بھی اس مظاہرے میں شرکت کر کے فلسطینی بھائیوں کا ساتھ دیں۔
یہ بھی پڑھیں:القادر ٹرسٹ کیس،نیب کی عمران خان سے تفتیش؟اڈیالہ جیل سے اہم خبر آگئی