لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نےاسرائیل فلسطین کشیدگی کا آسان حل بتادیا اور کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین کشیدگی کا ایک ہی حل آزاد فلسطین ریاست کا قیام ہے، غزہ میں قتل عام جاری ہے ، چرچ ہسپتال بھی بمباری کی نذر ہوچکا ۔ کیتھڈرل چرچ میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ مختلف مذاہب کی قیادت کا یہاں جمع ہونا پیغامِ امن ہے، فلسطین میں جب بھی اسرائیلی حملہ آور ہوئے ان کے لیے ہمیشہ چرچز کے دروازے کھولے گئے، پوری دنیا پکار رہی ہے کہ جنگ کا سلسلہ ختم ہو اور امدادی سرگرمیاں شروع ہوں۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل نے جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کل امدادی قافلے مصر سے غزہ میں داخل ہوئے ہیں لیکن یہ بہت تھوڑے ہیں، یہ جنگ اب انسانیت کے خلاف ہو گئی ہے، ہمارا ایک مطالبہ ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں، دنیا سے کہتے ہیں کہ وہ غزہ کے بچوں کو اپنے بچے سمجھیں اور فوری جنگ بندی اور امدادی سرگرمیاں آزاد طریقے سے شروع کرنے دی جائیں، یو این او کہہ رہی ہے کہ غزہ کے 3لاکھ افراد کھانے پینے سے محروم ہیں، دنیا کو اس پر اپنا پریشر بڑھانا ہو گا، اب اسرائیل کو یہ ظلم و ستم بند کرنا چاہئیں، سفارتی کوششیں بھی تیز ہوئی ہیں، پاکستان میں ہمیں ہر سطح پر پرامن انداز میں اپنی آواز بلند کرنی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ جنگ لبنان اور شام کی طرف پھیلتی جا رہی ہے، نقصان بچوں، بے گناہ معصوموں، انسانیت کا ہو رہا ہے، دوجنگیں اس سے پہلے اسرائیل میں ہو چکی ہیں، ہر جنگ کے بعد فلسطینیوں کو محدود کیا گیا، اس پورے معاملے کا ایک ہی حل آزاد فلسطین ریاست کا قیام ہے
یہ بھی پڑھیں:القادر ٹرسٹ کیس،نیب کی عمران خان سے تفتیش؟اڈیالہ جیل سے اہم خبر آگئی