کشمیر و فلسطین میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں عالمی امن کے لئے سنگین خطرہ، علامہ طاہر اشرفی نے دنیا کو خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کر دیا

کشمیر و فلسطین میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں عالمی امن کے لئے سنگین خطرہ، علامہ طاہر اشرفی نے دنیا کو خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کر دیا

ریاض (وقائع نگار خصوصی)چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ و بین المذاہب ہم آہنگی علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ کشمیر و فلسطین میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں عالمی امن کیلئے خطرہ بن رہی ہیں،عالمی طاقتیں اور اقوام متحدہ ہندوستان اور اسرائیل کو انسانیت کے قتل عام سے روکیں،دنیا کے ان دیرینہ حل طلب مسئلوں پر مزید غفلت دنیا کو بد امنی کی جانب دھکیل سکتی ہے۔ یہ بات انہوں نے کشمیریوں کے یوم سیاہ کے موقع پر عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ 76سال سے مقبوضہ کشمیر بھارت کے غاصبانہ قبضے کا شکار ہے۔ کشمیریوں کی تیسری نسل اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہی ہے، بھارتی جبر و استبداد اور ظلم ستم، مقبوضہ وادی کی خود مختار حیثیت کو ختم کرکے وہاں مسلم آبادی کےتناسب کو بدلنے کی ناپاک جسارت، ڈیڑھ لاکھ انسانی جانوں کی قربانی کے باوجود آج بھی کشمیریوں کا جذبہ آزادی توانا ہے اور وہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کی جانب انصاف کے لئے دیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 76 سال سے بھارت عالمی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جینیوا کنونشن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ ناجائز قبضے کو طول دینے کےلئے بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں۔ 5 اگست 2019 کو بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کی سیاہ تاریخ دوہرائی اور پوری وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں بدل دیا۔ 76 سال میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی جبر واستبداد کا ہر ہتھکنڈا ناکام ہوا ہے۔ اقوام عالم قابض افواج کے جنگی جرائم، نسل کشی اور تمام مظالم بند کرائے، ظلم کرنے سے ناجائز قابضین کا قبضہ جائز ہوا ہے نہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے آج تک بھارتی قبضہ کو قبول کیا نہ کبھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : خدیجہ شاہ ایک بار پھر 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

انکی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارت زیادہ دیر کشمیر پر غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا اسے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کے سامنے گھٹنے ٹیکنے ہوں گے۔ انہوں نےکہا کہ پاکستانی ریاست اور قوم کشمیری عوام سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین و کشمیر پر سعودی عرب اور پاکستان کا ایک موقف ہے۔ سعودی عرب کی قیادت کبھی بھی مظلوم اقوام کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹا آج بھی مسئلہ کشمیر و فلسطین پر او آئی سی کے پلیٹ فام سے قائدانہ کردار ادا کررہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں