اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور علی محمد خان سمیت دیگر پر مشتمل تحریک انصاف کے وفد نے مولانافضل الرحمان سے ملاقات کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی وفد نے مولانافضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس دوران ان کی خوش دامن کے انتقال پر تعزیت کی اور ملکی سیاسی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں سابق وفاقی وزیر علی محمد خان اور بیرسٹر محمد علی سیف بھی شامل تھے۔ ملاقات کے بعد علی محمد خان نے پاکستان ٹائم کو بتایاکہ سیاستدان ہم ضرور ہیں لیکن ہمارا کلچر ہے کہ جہاں کوئی فوتگی وغیرہ ہو تو سیاست کو ایک طرف رکھ کر وہاں دعا اور تعزیت کیلئے ضرورجاتے ہیں، سانحہ باجوڑ بھی ہواتھا اور پھر مولانا کی خوشدامن کا انتقال ہوا تھا تو اس لیے وہاں حاضر ہوئے، ایجنڈا ایسا نہیں تھا تو زیادہ سیاسی باتیں نہیں ہوئیں البتہ مغرب کی نماز ہم نے اکٹھی پڑھی ۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ ،تحریک انصاف کو جلسے کرنے کی اجازت دیدی