s m zafar

قانون دان ایس ایم ظفر انتقال کر گئے

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان کے سینئر ترین قانون دان ایس ایم ظفر انتقال کر گئے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق سینئر قانونی ماہر ایس ایم ظفر 93 سال کی عمر میں انتقال کر گئے،ان کی نماز جنازہ کل لاہور میں ادا کی جائے گی۔وہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر کے والد تھے۔ایس ایم ظفر 6 جون 1930 کو رنگون(برما)میں پیدا ہوئے،جہاں ان کے والد کاروبار کے سلسلے میں مقیم تھے۔بچپن کے بارہ برس وہیں بسر ہوئے۔ابتدائی تعلیم راندھیر اسلامیہ ہائی سکول رنگون سے حاصل کی۔اس کے بعد دوسری جنگِ عظیم کے خطرات کے پیشِ نظر اپنے گاوں چک قاضیاں گورداس پور(بعد ازاں شکر گڑھ) آ گئے۔میٹرک غلام دین ہائی سکول میں اینٹوں،ٹاٹوں وغیرہ پہ بیٹھ کر کیا۔ 1945ء سے 1949ء کا زمانہ گورنمنٹ کالج لاہور میں گزرا۔ایس ایم ظفر نے بے شمار مقدمے مفت میں مفاد عامہ کی خاطر لڑے۔ایس ایم ظفر نے اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے اپنی والدہ کی یاد میں فاطمہ ایجوکیشن سوسائٹی کا سنگ بنیاد رکھا اور سینکڑوں ذہین ترین طلبا و طالبات کو علم کے زیور سے آراستہ کیا،ایس ایم ظفر ایک قانون دان ہی نہیں بلکہ پاکستان کی سیاسی،معاشرتی اور ثقافتی زندگی کے ایک اہم مبصر بھی تھے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کی اپیل پر سماعت ،اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو شوکاز نوٹس جاری

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں