”پاکستانی سیاست میں 20 دن انتہائی اہم“شیخ رشید نے سنگین خطرے کی نشاندہی کر دی

راولپنڈی(وقائع نگار) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست میں 20 دن انتہائی اہم ہیں،الیکشن کمیشن کی سیاستدانوں اور سیاسی پارٹیوں سے ملاقات بے معنی ہے، پہلے صدر نے ٹویٹ لکھ کر بھونچال پیدا کیا اور اب الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر ہلچل پیدا کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چیف الیکشن کمشنر کا صدر سے ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ
پاکستان ٹائم“ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ایکٹ اور آئین میں مقابلہ اور لڑائی شروع ہو گئی ہے، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا اور ساتھ بیان دے دیا کہ 90 دن میں الیکشن نہیں ہو سکتے،الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے بعد سیاستدانوں یا سیاسی پارٹیوں سے ملاقات بے معنی ہے لیکن آئین ہی جیتے گا اور آئین ہی نافذ العمل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے؟فیصلہ عدالتوں میں ہو گا،صدر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر سیاسی ہلچل پیدا کر دی ہے،پاکستان کی سیاست میں 20 دن انتہائی اہم ہیں، پہلے صدر نے ٹویٹ لکھ کر بھونچال پیدا کیا اور اب الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر ہلچل پیدا کر دی ہے،الیکشن کمیشن صدر کی مشاورت کو اہمیت نہیں دے گا اور صدر کی بات نہیں مانی جائے گی،اگر صدر الیکشن کی تاریخ دے دیتے ہیں کیونکہ بعض سینئر وکلا کی رائے ہے کہ وہ تاریخ دے سکتے ہیں تو پھر ایک نیا پنڈورا بکس کھل جائے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن 90 دن میں ہوتے ہیں، 4 مہینوں میں ہوتے ہیں یا نہیں ہوتے؟یہ ایک اہم مسئلہ ضرور ہے لیکن سب سے اہم مسئلہ پاکستان میں اس وقت بجلی کے بنیادی فی یونٹ میں مزید 5 روپے 40 پیسہ اضافہ ہے، حقیقت یہ ہے کہ لوگ آٹا،چینی اور پیڑول کے بعد بجلی کے بل دینے کے بھی قابل نہیں ہیں،ڈالر نے ٹرپل سینچری مکمل کر لی ہے،معاشی سیاسی اقتصادی حالات سنگین سے سنگین تر ہوتے جا رہے ہیں،لوگوں کی سیاست پیچھے رہ گئی ہے ،لوگوں کی اپنی زندگی اور بقا کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے،اللہ تعالی پاکستان کے حال پے رحم کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں