لندن (نمائندہ خصوصی ) عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس کے ریمارکس پر سابق وزیراعظم اور لیگی قائد نواز شریف کا بیان بھی آگیا، نواز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو بچا کر چیف جسٹس آف پاکستان اپنے مستقبل کو داؤ پر لگا رہے ہیں، مجھے بہت دکھ ہے کہ سب کچھ جانتے ہوئے بھی وہ اس کی حمایت میں نکلے ہیں۔
پاکستان ٹائم کے مطابق صحافیوں سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے نااہل، گرفتار اور حکومت ختم کرنے میں سابق چیف جسٹس اور سپریم کورٹ میں بیٹھے اُن کے ساتھی شامل تھے جبکہ آج مختلف قسم اربوں روپے کی چوری میں ملوث شخص کو چیف جسٹس بچانے کے لیے سرگرم ہیں، وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ اس شخص نے پاکستان کی معیشت، اخلاقیات اور ثقافت کو تباہ کیا، لوگوں کو غنڈہ گردی سکھائی اور پاکستان کے دستور کی بار بار سنگین خلاف ورزی کی۔ مسلم لیگ ن کے قائد بولے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا تھا کہ نواز شریف کو نااہل کرنا اور جیل میں ڈالنا ہے جس کی گواہی اُن کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی جیسے لوگوں نے بھی دی ، یہ ریکارڈ پر ہے۔