نگران سیٹ اَپ پر مشاورت،وزیر اعظم نے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم شہباز شریف نے نگران سیٹ اپ اور عام انتخابات پر اتحادیوں سے مشاورت کے لیے ن لیگ کی 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی،آئندہ ماہ اسمبلیاں تحلیل ہوجائیں گی اور نگران سیٹ اپ ملک کی باگ ڈور سنبھالے گا تاہم نگراں سیٹ اپ سے قبل وزیر اعظم کو تمام اتحادیوں اور اپوزیشن سے مشاورت کرنا ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں:عام انتخابات ، نواز شریف نے ایسا دعویٰ کردیا کہ ن لیگی متوالے کھل اٹھیں
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نگران سیٹ اپ اور عام انتخابات کے حوالے سے اتحادیوں سے مشاورت کے لئے ن لیگ کے سینئیر ترین رہنماوں پر مشتمل 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔مشاورتی کمیٹی میں سردار ایاز صادق،خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف،احسن اقبال اور اسحاق ڈار شامل ہیں،جو براہ راست اپنے قائد نواز شریف سے رابطے میں رہیں گے۔کمیٹی پیپلزپارٹی،جے یو آئی،ایم کیو ایم اور دیگر اتحادیوں سے مذاکرات کرے گی،ان مذاکرات میں اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ،نگران سیٹ اپ میں کون کون ہو گا اور عام انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کے امور پر بات چیت کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے اتحادی جماعتوں کو بھی مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے نگران سیٹ اپ پر مشاورت کے لئے رابطوں میں تیزی آ گئی۔ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت نے آئندہ نگران سیٹ اپ اور نگران وزیر اعظم کے ناموں پر مشاورت کا عمل تیز کر دیا ہے،آصف زرداری چاہتے ہیں کہ نگران وزیر اعظم ان کے تجویز کردہ ناموں میں سے ہو جبکہ شہباز شریف پی ڈی ایم کی مشاورت کے ساتھ ہی اس پراسس کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔اس حوالے سے آصف زرداری کی وزیر اعظم شہباز شریف سے جلد ایک اور ملاقات کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عام انتخابات میں تاخیر کے خدشات پر علیم خان بھی بول پڑے

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے پنجاب میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے بھی لیگی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔آصف زرداری نے پنجاب میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے کی بات کی ہے تاہم لیگی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے بیشتر رہنماوں نے پیپلز پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی مخالفت کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو جواب دیا ہے کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ بارے فیصلہ نواز شریف کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں