لاہور(سٹاف رپورٹر)استحکام پاکستان پارٹی کے صدرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں تاخیر ملک کو عدم استحکام کا شکار کرسکتی ہے، ہمارے اور پرویز خٹک کے نظریات ایک ہیں، الیکشن میں پتہ چلے گا کونسی پارٹی کریش کرتی ہے اور کون پرواز کرتا ہے؟۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے تین بڑے ائیرپورٹ آوٹ سورس کرنے کا فیصلہ
امریکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ سابق آئی ایس آئی چیف جنرل فیض حمید نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)چیئرمین عمران خان کو وزیراعظم بنوانے اورخود آرمی چیف بننے کے لیے دوہزاراٹھارہ کے انتخابات سے پہلے نواز شریف کی نااہلی کو یقینی بنایا،چیئرمین پی ٹی آئی کو ٹیکنیکل ناک آوٹ نہیں کیا جا رہا،عمران خان نے جو کیا ہے وہ انہیں بھگتنا پڑے گا،کیا عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے والے کو الیکشن لڑنے دیا جائے؟۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں تاخیر ملک کو عدم استحکام کا شکار کر سکتی ہے،نگران حکومت کی مدت کو طول نہیں دیا جاسکتا،نگران حکومت کے پاس انتخابات کرانے کا مینڈیٹ ہے،ملک چلانے کا نہیں،ہمارے اور پرویز خٹک کے نظریات ایک ہیں،الیکشن میں پتہ چلے گا کونسی پارٹی کریش کرتی ہے اور کون پرواز کرتا ہے؟انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) سے کوئی اتحاد نہیں ہو گا،ہر حلقے سے امیدوار کھڑے کریں گے۔