بچوں میں ہیپاٹائٹس و جگر کے امراض کی روک تھام،جنرل ہسپتال میں ڈاکٹر حوریہ رحمان کو اہم ذمہ داری سونپ دی گئی

لاہور(ہیلتھ رپورٹر)حکومت پنجاب نے بچوں میں جگر و معدہ اور آنتوں کے بڑھتے ہوئے امراض کے علاج کی سہولیات میں اضافے اور پیڈیاٹرک ہیپاٹائٹس کی روک تھام کے لئے لاہور جنرل ہسپتال میں ایک نئی آسامی”پیڈیاٹرک گیسٹرو انٹرنالوجی “مہیا کر کے گریڈ 18میں ڈاکٹر حوریہ رحمان کو اسسٹنٹ پروفیسر تعینات کر دیا ہے،جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں بھی سنبھال لی ہیں۔ڈاکٹر حوریہ رحمان اپنے شعبے کی انتہائی قابل اور تجربہ رکھنے والی با صلاحیت معالج ہیں،وہ بچوں کے جگر،امراض معدہ اور ہیپاٹائٹس کی تشخیص و علاج اور ان ڈور کے علاوہ آوٹ ڈور میں بھی طبی سہولیات کی فراہمی کی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔علاوہ ازیں ڈاکٹر حوریہ رحمان بچوں کی گیسٹر انڈو سکوپی پروسیجر بھی پرفارم کریں گی۔

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے ڈاکٹر حوریہ رحمان کی تعیناتی کوامراض جگر،معدے اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہونے والے بچوں کے لئے خوش آئند امر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صوبائی حکومت اور محکمہ صحت پنجاب کا انتہائی احسن اقدام ہے کہ لاہور کے جنرل ہسپتال میں پیڈیاٹرک گیسٹرو انٹرنالوجی کی اپنی نوعیت کی منفرد اور مستقل آسامی پیدا کر کے ڈاکٹر حوریہ رحمان کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جو وقت کی اہم ترین ضرورت تھی۔پروفیسرالفرید ظفر کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے بچوں کے لئے تشخیص و علاج کی وسیع سہولیات دستیاب ہوں گی اور بچوں میں ہیپاٹائٹس،جگر کی بیماریوں کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی جبکہ بچوں کے امراض کے شعبے پر پہلے سے موجوددباو میں بھی کمی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال پہلے ہی تمام شعبوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات بہم پہنچانے کے لئے مصروف عمل ہے اور ایسے اقدامات سے اہم شعبوں میں انفرادی سطح پر سہولیات میں اضافہ ہوتا ہے جو بالخصوص دور دراز سے آنے والے مریضوں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے ڈاکٹر حوریہ رحمان کے لئے نیک خواہشات کاا ظہار کرتے ہوئے ان کی کامیابی کی دعا کی۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں