لاہور (سٹاف رپورٹر)پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن(پی ایچ ای سی)کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تنویر قاسم نے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ کی فکر ہر دور میں قابل عمل رہی ہے،آج بھی اگر علامہ اقبالؒ کے درسِ عمل پیہم کو فروغ دیا جائے اور اس پر عمل پیرا ہوا جائے تو کچھ بعید نہیں کہ عصر حاضر میں موجود مسائل کا حل ممکن نہ ہو سکے،ہر فرد کو علامہ اقبالؒ کے درسِ عمل پیہم کو اختیار کر کے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
پاکستان ٹائم کے مطابق لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی(ایل سی ڈبلیو یو)میں اقبالؒ کے فلسفہ امن و ترقی کے موضوع پر تین روز عالمی کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر تنویر قاسم کا کہنا تھا کہ اقبالؒ کومصور پاکستان تو مانا جاتا ہے لیکن ان کے افکار پر عمل نہیں کیا جاتا،بعض حلقے آج اقبالؒ کو معاشرے سے غیر متعلقہ کرنے کی کوشش میں ہیں جبکہ اقبالؒ کی تعلیمات آفاقی ہیں،انھیں ہر دور میں اپنا کر مسلمان اپنی ملت کی ترقی کی جانب گامزن ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افکار اقبالؒ سے نوجوان نسل کو روشناس کرانا تعلیمی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور تین روزہ کانفرنس کی سفارشات دیگر تعلیمی اداروں کو بھی ارسال کی جانی چاہیے۔کانفرنس میں ڈائریکٹر ایران کلچر لاہور روہناس جعفر،وائس چانسلر ایل سی ڈبلیو یو ڈاکٹر شگفتہ ناز،وائس چانسلر ہوم اکنامکس یونیورسٹی ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی،پرنسپل سول لائن کالج اختر سندھو،مندوبین،فیکلٹی اور طالبات نے شرکت کی،کانفرنس کا انعقاد ایل سی ڈبلیو یو،ہوم اکنامکس یونیورسٹی اور پی ایچ ای سی کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔