لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نےتحقیق ،تصنیف اور تالیف کے میدان میں اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے پی ایچ ای سی کی طرف سے بیسٹ بک اور بیسٹ آرٹیکل ایوارڈ کے اجرا کا فیصلہ کیا ہے اس مقابلہ کے شرکا اساتذہ ہونگے ۔کامیاب ہونے والے اساتذہ کو لاکھو ں روپے انعامات دیے جائیں گے، یہ بات چیئرمین ڈاکٹر شاہد منیر نے اپنے آفس ارفع کریم ٹاور میں کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی، جدہ کے ڈاکٹر انیش خان ،عبداللہ محمد احمد عسیری اور ساہیوال یونیورسٹی کے شعبہ کیمسٹری کی ڈاکٹر کومل رضوان مشترکہ کتاب ’’ہینڈ بک آف فنکشنلائزڈ نینو سٹرکچرڈ ایم ایکس اینز‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے بتائی ۔ تقریب سے خطاب کرتےہوئےچیئرمین ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کا دارو مدار اساتذہ کے تعلیمی اور فنی صلاحیتوں کے فروغ سے ہے۔اساتذ کو تدریس کے ساتھ تصنیف وتالیف کے میدان میں بھی آنا چاہیے ۔ اساتذہ کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی کا سفر طے نہیں کرسکتی ۔مدون کردہ کتاب، ترکیب، ساختی تجزیہ، فنکشنلائزیشن، اور ابھرتے ہوئے رجحانات کی عکاسی کرتی ہے ۔ ماحولیاتی اور توانائی کے استعمال کے حوالے سے یہ کتاب بھرپور رہنمائی فراہم کرتی ہے ۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے کتاب کے ایڈیٹرز اور معاونین کے شاندار کام کو سراہا اورکہاکہ پی ایچ ای سی رائٹر اور محقق اساتذہ کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ ان مقابلہ کے شرکا کے کتابوں اور مضامین کو جانچا جارہاہے ، کامیاب ہونے والے اساتذہ کو لاکھو ں روپے انعامات دیے جائیں گے ۔تقریب رونمائی میں اساتذہ ، ماہرین تعلیم اور محققین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔