آزاد کشمیر حکومت کی کوششیں رنگ لے آئیں،سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ نے بڑی خوشخبری سنا دی

مظفرآباد (وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر کی کوششوں کی وجہ سے سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے آزاد کشمیر کےلئے تقریبا30ارب کے میگا ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔یہ منصوبے آزاد کشمیر کے ترقیاتی عمل میں سنگ میل ثابت ہوںگے۔سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت 48میگا واٹ شونٹرہائیڈرو پاور پراجیکٹ نیلم کے لئے11ارب27کروڑ 43لاکھ اور 22میگا واٹ جاگراں IVہائیڈرو پاور پراجیکٹ نیلم کے لئے6ارب 61کروڑ46لاکھ جبکہ مظفرآباد اٹھمقام روڈ پر کامسر تا کہوڑی 3.7کلو میٹرٹنل و چھلپانی0.6کلو میٹر ٹنل کےلئے12ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔آزادکشمیر میں معاشی مشکلات کے دوران سعودی فنڈ کی فراہمی آزادکشمیر کے عوام کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کی مدد کی ہے۔اس وقت بھی مشکل معاشی حالات میں سعودی عرب کے تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان نے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات فیاض علی عباسی،پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہراقبال بھی اس موقع پر موجودتھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ جاگراں IV(22میگاواٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سنٹرل ورکنگ پارٹی سے منظور ہو چکا ہے۔ پراجیکٹ کی انتظامی منظوری جاری کی جا چکی ہے۔ پراجیکٹ کے لیے درکار اراضی آزادحکومت نے اپنے مالی وسائل سے حاصل کر لی ہے۔ اکنامک افیئر ڈویژن اورSFDکے مابین لون ایگریمنٹ پر ابتدائی دستخط ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ شونٹر 48میگاواٹ پراجیکٹ کا PC-Iسنٹرل ورکنگ پارٹی سے منظور ہو چکا ہے۔ اکنامک آفیئر ڈویژن اورSFD کے مابین لون ایگریمنٹ پر ابتدائی دستخط ہو چکے ہیں۔ ان پراجیکٹس سے حاصل ہونے والی بجلی کو مظفرآباد گرڈ کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے ٹرانسمیشن لائنز کی تعمیر کے لیے رقم بھی مختص ہے۔ پراجیکٹس کی تعمیر کے بعد دیگر ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے ساتھ منسلک ہونے کی بناءپر مظفرآباد ڈویژن کو بجلی کی فراہمی لوکل سطح پر ممکن ہو سکے گی جس سے دارالخلافہ میں لوڈشیڈنگ کے مسائل مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔ پراجیکٹس کی تعمیر سے روزگار کے مواقع میسر ہو ں گے۔

انہوں نے کہاکہ مظفرآباد تا تاﺅ بٹ سڑک سیاحت اور اس سے ملحقہ دیگر کاروباری سرگرمیوں کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے بارش کے دوران کامسر او ر چھلپانی کے مقام پر خطرناک ہو جاتی ہے جہاں پر اس سے قبل انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔ اس خدشہ کے پیش نظر ان دونوں جگہوں پر ٹنل ہاءکی تعمیر کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کے لیے درکار فنڈ مالیتی 20کروڑ 62لاکھ 50ہزار سعودی ریال SFDفراہم کرے گا۔ سردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ کرونا وائر س کی وجہ سے دنیا کی بڑی بڑی معیشتیں تباہ ہوئیں ، جی ٹوینٹی ممالک بھی معاشی مشکلا ت کا شکار ہیں،ایسے وقت میں سعودی عرب کی جانب سے آزادکشمیر کےلئے ترقیاتی فنڈز دینے سعودی حکومت کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر کی ٹیم کی محنت اور تجربے کی بدولت ہمیں یہ کامیابی ملی،فیاض علی عباسی نے نے بطور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات حکومت آزادکشمیر کی ٹیم کو لیڈکیا۔ آزادکشمیر میں مالی مشکلات کو موجود ہیں جن سے باہر نکلنے کےلئے پرعزم ہیں ۔ جن لوگوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ان کا شکرگزار ہوں ۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات فیاض علی عباسی نے کہا کہ ان منصوبوں پر ایک ماہ میں کام شروع ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں